تمام حملوں میں پاکستانی سرزمین استعمال ہوئی، ٹی ٹی پی

0
503

تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ نور ولی محسود نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کی طالبان حکومت سے مدد ملنے کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ٹی ٹی پی پاکستان میں تمام حملوں کے لیے پاکستانی سرزمین ہی استعمال کرتی ہے۔

نور ولی محسود نے غیر ملکی میڈیا ’سی این این‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم پاکستان کے خلاف جنگ پاکستان کی سرزمین کے اندر سے ہی لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم ہتھیاروں اور آزادی کے جذبے کے ساتھ پاکستان کی سرزمین پر کئی دہائیوں تک لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘۔

افغان طالبان سے حاصل کی گئی مدد کو خفیہ رکھنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’جب ہمیں افغان طالبان سے کسی بھی مدد کی ضرورت ہی نہیں تو اسے خفیہ رکھنے کا کیا فائدہ؟‘۔

حال ہی میں پاکستان میں افغان سرحد کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس پر پاکستان نے طالبان حکومت پر ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکا نے پاکستان کے خدشات پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بین الاقوامی دہشت گرد افغانستان میں دوبارہ منظم ہوئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تاہم ٹی ٹی پی کے سربراہ نے کسی بھی حملے کی صورت میں امریکا کو جوابی کارروائی سے خبردار کیا۔

نور ولی محسود نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’امریکا کو پاکستان کی ترغیب پر ہمارے معاملات میں غیر ضروری مداخلت کرکے ہمیں تنگ کرنے کا سلسلہ بند کرنا چاہیے، امریکا کی جانب سے اس طرح کے فیصلے سے امریکی سیاست کی ناکامی ظاہر ہوتی ہے۔‘

انہوں نے یہ ریمارکس امریکا کی جانب سے افغانستان کے اندر ممکنہ طور پر ٹی ٹی پی کمانڈرز کو نشانہ بنانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر دیے، جیسے ستمبر میں القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کو کابل میں ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔

نور ولی محسود نے کہا کہ وہ امریکا سے گروہ کے خلاف اس طرح کی کارروائی کی توقع نہیں رکھتے، اگر امریکا نے اس طرح کا کوئی قدم اٹھایا تو وہ اپنے نقصان کا خود ذمہ دار ہوگا’۔

انہوں نے سی این این کو بتایا کہ امریکا کو ابھی تک پاکستان کی ’دوغلی پالیسی‘ سمجھ نہیں آئی’۔

ٹی ٹی پی کے رہنما نے انٹرویو کے دوران الزام عائد کیا کہ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ وہ اپنے مفادات کے لیے سمت بدلتا رہتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’پاکستان کی افواج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور ہمارے کئی ساتھیوں کو شہید اور گرفتار کیا‘۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here