پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک تھانے پر جدید خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک جب کہ چار زخمی ہوئے۔
لکی مروت کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ضیا الدین احمد کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق مسلح افراد نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تھانہ برگئی پر خودکار ہتھیاروں، کلاشنکوف اور راکٹ لانچروں سے فائرنگ کی جب کہ ہینڈگرینڈ بھی پھینکے گئے۔
ڈی پی او کے مطابق تھانے میں موجود پولیس نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔
پولیس حکام نے فائرنگ کے تبادلے میں چار اہلکاروں کے ہلاک اور چار کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ابھی تک لکی مروت میں پولیس تھانے پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔