وعدہ خلافی ہمیشہ سے پاکستانی حکمرانوں کی فطرت میں رہی ہے،سمی بلوچ

0
252

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی رہنما سمی دین بلوچ نے کہا کہ ہم نے کوئٹہ میں اپنے پچاس روزہ دھرنے کو وفاقی وزیر داخلہ و وزیر قانون کے یقین دہانی پر ختم کیا تھا کہ تین مہینے میں ہمارے مطالبات پر عملدرآمد ہوگی مگر مطالبات پر عملدرآمد کے بجائے لوگوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔

وی بی ایم پی رہنماء نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر کہا کہ کوئٹہ میں ہمارے دھرنے کو پچاس دن بعد اسلام آباد سے آئے ہوئے مذاکراتی کمیٹی جسکی سربراہی وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ اور وزیر قانون اعظم نذیر کررہے تھے، اس یقین دہانی پرختم کرائی تھی کہ وہ اگلے تین مہینے کے اندر ہمارے پیاروں کو منظر عام پر لائیں گے اور مزید جبری گمشدگیوں کی روک تھام کریں گے۔

سمی دین نے کہا کہ مگر ہر بار کی طرح اس بار بھی وہ مذاکراتی عمل وقت گزاری ثابت ہورہی ہے، جسکا ہمیں بخوبی پہلے سے اندازہ تھا چونکہ ہم پرامن جدوجہد کے ماننے والے ہیں، تو مذاکراتی عمل میں حصہ لے کر یہ تاثر نہیں دینا چاہتے تھے کہ ہم کسی کی بات نہیں سنتے مگر تین ماہ گزرنے کے بعد پہلے سے جبری گمشدگیوں کے شکار لاپتہ افراد کی بازیابی اپنی جگہ بلکہ مزید بلوچوں کو لاپتہ کرکے جبری گمشدگیوں کی فہرست میں اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وعدہ خلافی ہمیشہ سے اس ریاست کے حکمرانوں کی فطرت میں رہی ہے مگر وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ان کھوکھلے دعوؤں سے وہ بلوچستان میں اعتماد کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت کچھ کھوچکے ہیں۔ ہم لواحقین کی تکلیف کا اندازہ لگانے کیلئے ابھی تک کوئی ایسا آلہ ایجاد ہی نہیں ہوا کہ کسی کی کرب و درد دن رات کی اذیت کو بھانپ یا ناپ سکے، مگر اس تمام عمل میں اپنے پیاروں کی آس لگائے بیٹھے لواحقین نہ صرف اس ریاست سے، انکے جتنے ستون ہیں ان سے، بلکہ ریاستی مشینری سے بیزار ہوتے جارہے ہیں۔

سمی دین نے کہا کہ اس صورتحال میں نہ عدلیہ کا کوئی کردار نظر آیا نہ میڈیا کے کیمروں کے شٹر لواحقین کی طرف نظر آتے ہیں، نہ پارلیمان کی جانب سے کوئی سنجیدگی نظر آتی ہے اور نتیجہ مایوسی کی صورت ابھر رہا ہے، آئین و قانون بنانے والے ہی اسکی پامالی میں شریک ہوں، تحریری معاہدات کو صرف کاغذ کا ٹکڑا سمجھا جائے تو وہاں ریاست اور عوام کے درمیان جو خلیج پیدا ہوتی ہے اس پر اسے نہ معافی مانگنے سے دور کیا جاسکتا ہے نہ نئے آئین و قوانین یا معاہدات سے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز رہنماء کا کہنا تھا کہ لواحقین کی تکلیف، مایوسی وبیزاری کا اندازہ کوئی نہیں لگا سکتا جو روزانہ ہم سے رابطہ کرکے اپنے پیاروں کا پوچھتے ہیں اور ہمارے پاس بس پرامن رہنے کی تلقین ہوتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here