بلوچ راج کے ترجمان نے شہدائے کوہ سلیمان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوہ سلیمان کے بلوچوں نے ایوبی آمریت کیخلاف مزاحمت کا راستہ اختیار کر کے قومی فرض کو نبھایا اور سرخرو ہوئے۔ سات دسمبر 1967 کو بلوچ قوم کے بہادر فرزندوں شہید محمدان بلوچ، شہید یار محمد بلوچ، شہید دوست محمد بلوچ اور شہید رحیمو بلوچ نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قومی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے مزاحمت کا عظیم باب رقم کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے اپنے حقوق و شناخت کے لئے مزاحمت کی وہی زندہ قوم کہلاتی ہیں۔ بلوچ شہدا نے اپنی لازوال قربانیوں سے بلوچ قوم کو شناخت عطا کی اور آج کی نسل اْن کی قربانیوں پر فکر کرتی ہے اور اْن ہی کے نقش قدم پر چل کر ہم اپنا شمار زندہ قوموں میں کروا سکتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کوہ سلیمان کے شہدا کی سرزمین و راج کیلئے دی گئی قربانیوں کی یاد میں بلوچ راج ہر سال سات دسمبر کو شہدائے کوہ سلیمان کے نام سے یادگاری محفل کا انعقاد کر کے ان شہداکو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا کے شہداکی قربانیاں قوم کے لئے مشعل راہ ہیں اور اْن کی جہدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سات دسمبر کو بلوچ راج رونگھنڑ میں جلسہ کا انعقاد کرے گی۔