ملتان میں لاشوں کی برآمدگی و لاپتہ افراد کی جعلی مقابلوں میں قتل کیخلاف وی بی ایم پی کی پریس کانفرنس

ایڈمن
ایڈمن
7 Min Read

بلوچ لاپتہ افراد لواحقین کی متحرک تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنزکے جنرل سیکرٹری اور لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی صاحبزادی سمی دین بلوچ نے ملتان کے نشتر اسپتال میں سینکڑوں مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی اور سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں بلوچ جبری لاپتہ افراد کی ماورائے عدالت قتل پرکراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کے آرگنائزر آمنہ بلوچ، لاپتہ عبدالحمید زہری کی صاحبزادی سعیدہ حمید اور دیگر بھی موجود تھے۔

سمی دین بلوچ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر ملتان کے نشتر اسپتال سے متعدد مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جن پہ اسپتال انتظامیہ اور پنجاب حکومت کے متضاد بیانیے سامنے آ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر نے خود وہاں سینکڑوں لاشوں کی موجودگی کا اعتراف کیا، جبکہ اسپتال انتظامیہ محض چار لاشوں کی برآمدگی کا دعویٰ کر رہے ہیں، جبکہ ہمیں بطور لاپتہ افراد کے لواحقین اور تنظیم ان کثیر مقدار میں مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی پہ شدید خدشات لاحق ہیں، لاشوں کے جو ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پہ وائرل ہوئے ہیں ان سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ لاشوں کی تعداد زیادہ ہے اور یہ مبینہ طور پر لاپتہ افراد کے ہو سکتے ہیں جن کو فورسز نے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے بعد ایسے اسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا ہوگا، طب سے متعلقہ افراد بھی یہ کہ چکے ہیں کہ کسی بھی اسپتال میں میڈیکل طلباء کے پریکٹس کیلئے اتنی بڑی تعداد ڈیڈ باڈیز فراہم نہیں کرتے ہیں، لہٰذا ہم سپریم کورٹ آف پاکستان اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان لاشوں کے برآمدگی کا شفاف طریقے سے انکوائری اور ان لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کی جائے، اور حقائق سامنے لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جولائی کے مہینے میں زیارت میں گیارہ جبری لاپتہ افراد کے جعلی مقابلے میں مارے جانے کے خلاف، انکے لواحقین کو انصاف دلانے، ان جعلی مقابلوں کو روکنے اور جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے 22 جولائی سے 8 ستمبر تک کوئٹہ میں پچاس دنوں تک پر امن احتجاجی دھرنا دیا، وفاقی حکومت کی طرف سے آئے ہوئے وفاقی وزراء کے وفد کی تحریری یقین دہانیوں پہ اپنا احتجاجی دھرنا ختم کیا،ہمیں ہمیشہ جھوٹی تسلیاں اور یقین دہانیاں دی جاتی ہیں جن پہ عملدرآمد نہیں ہوتا ہے۔

سمی دین بلوچ نے کہا کہ ہم نے وفاقی کمیٹی کے وفد کو تین مہینے کا مہلت کے ساتھ ان لاپتہ افراد کی ایک ایسی لسٹ فراہم کردی تھی جس میں ان سب کے لواحقین وہاں دھرنے میں ہمارے ساتھ تھے، اسی لسٹ میں 36 یں نمبر پہ تابش وسیم کا بھی نام ہے جس کو گزشتہ روز سی ٹی ڈی نے نوشکی میں فیک انکاؤنٹر میں قتل کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دھرنے کے خاتمے کے بعد ان چالیس دنوں میں اب تک چالیس کے قریب لوگوں کو جبری لاپتہ کیا گیا ہے، جبکہ سی ٹی ڈی نے بلوچستان کے مختلف مقامات پر پانچ فیک انکاؤنٹرز کے واقعات میں اب تک اٹھارہ افراد کو قتل کیا ہے، جن میں اب تک بیشتر کی شناخت پہلے سے جبری لاپتہ افراد سے ہوئی ہے جو ریاستی تحویل میں رہے ہیں۔گزشتہ دنوں سی ٹی ڈی دو مختلف واقعات میں نو افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا، جن میں سے پانچ کو مستونگ اور چار کو نوشکی میں قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نوشکی میں قتل کیے گئے چاروں افراد میں سے اب تک تین افراد کی شناخت پہلے سے جبری لاپتہ افراد سے ہوئی ہے جنکے کوائف ہمارے تنظیم کے پاس موجود رہے ہیں، ان میں سے تابش وسیم جس کو 9 جون 2021 کو کوئٹہ سے جبری لاپتہ کیا گیا تھا انکے دوست اور رشتہ دار دھرنے میں بھی شریک رہے ہیں اور ان کا کیس اس لسٹ میں بھی درج ہے جو ہم نے وفاقی کابینہ کو دیا تھا۔

سمی دین بلوچ نے مزید کہا کہ اس کے باوجود کہ ان تین مہینوں میں جبری گمشدگیوں اور جعلی مقابلوں میں لاپتہ افراد کے قتل کو روکنے میں کوئی مثبت پیش رفت ہوئی ہوتی بلکہ اس میں مزید اضافہ دیکھنے کو آ رہا ہے،دو دن پہلے کراچی کے علاقے لیاری چھیل چوک سے فورسز نے بلوچستان ضلع کیچ کے رہائشیوں تین افراد زھیر، چاکر اور سراج جو جبری گمشدگی کا شکار بنایا، جو تاحال لاپتہ ہیں، پچھلے دو مہینوں کے دوران جبری گمشدگیوں میں اضافہ، جعلی مقابلوں میں لاپتہ افراد کے قتل، نشتر اسپتال ملتان میں متعدد مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی سے ہمارے خدشات تشویشناک حد تک بڑھ چکے ہیں، کیا ہمیں ان واقعات سے یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ پر امن مظاہرہ، احتجاج، دھرنوں اور قانونی چارہ جوئی سے اس ریاست میں کچھ حاصل نہیں ہوگا؟

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بطور اس ملک کے پر امن شہری کی حیثیت سے حقوق اور انصاف کے حصول کیلئے احتجاج کے تمام تر آئینی اور قانونی طریقہ کار اپنائے، حکومتی قائم کردہ کمیشن، عدالتوں اور کمیٹیز کے سامنے پیش ہوتے رہے ہیں اور ان کے یقین دہانیوں پہ اپنے احتجاجی پروگرامز کو ختم کرتے رہے ہیں، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اس ریاست کو ہماری کوئی پرواہ نہیں اور نا ہی ہمارے پر امن احتجاج سے ان کے مقتدرہ قوتوں پہ کوئی اثر پڑ رہا ہے، یا پھر حکومت وقت ہمیں یہ واضح لکھ دیں کہ مقتدرہ طاقتور قوتیں انکے بھی نہیں سن رہے ہیں۔ ہمیں جھوٹے وعدوں اور یقین دہانیوں کے بجائے صاف لفظوں میں کہہ دیں کہ ہم بھی ان طاقتور قوتوں کے سامنے بے بس ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment