شام میں اسد رجیم و اتحادیوں نے اسکولز و ہسپتال تباہ کردیئے ،اقوام متحدہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اقوام متحدہ کی ایک خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گذشتہ برس شمال مغربی شام میں اسد رجیم کی وفادار فورسز اور اس کے اتحادیوں نے تین ہسپتالوں اور اسکولوں کو وحشیانہ بمباری سے تباہ کردیا تھا۔

اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کی تفصیلات خبر رساں ادارے ‘رائیٹرز’ کو ملی ہیں۔ اس رپورٹ میں اقوام متحدہ نے اسد رجیم اور اس کے اتحادیوں پر الزام عاید کیا کہ وہ شمال مغربی شام میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسکولوں اور اسپتالوں کو حملوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ جسے ممکنہ طور پر جلد ہی سامنے لایا جائے گا میں بتایا گیا ہے کہ حلب میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر شامی اپوزیشن کے حامی مسلح گروپ تحریر الشام یا کسی دوسرے گروپ نے وحشیانہ حملہ کرکے وہاں پر تباہی پھیلائی تھی۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس شامی صدر بشارالاسد کی فوج نے روسی فوج کی مدد سے شمال مغربی شام میں اپوزیشن گروپوں کے گڑھ پر بڑے پیمانے پر بم باری کی تھی جس میں اسکولوں، اسپتالوں اور بنیادی ڈھانچے کی دیگر عمارتوں کو تباہ کردیا گیا تھا۔

اس رپورٹ کا خلاصہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کل سوموار کے روز سلامتی کونسل میں بھی پیش کیا۔

گوٹیرس نے سلامتی کونسل کو بھیجے مکتوب میں لکھا ہے کہ شمال مغربی شام میں شہری اور عام انسانی تنصیبات پرحملے ہمیں شام میں جاری خوفناک جنگ کی توجہ دلاتے ہیں۔ ہمیں شام میں متحارب فریقین کو انسانی اور عالمی قوانین کے احترام کا پابند بنانے کے لیے ان پر دباﺅ ڈالنا چاہیے۔

Share This Article
Leave a Comment