بلوچستان کے شہر ژوب کی تحصیل شیرانی کے علاقے دانہ سر میں واقع پہاڑی سلسلے کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 19 افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر شیرانی مہتاب شاہ کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، بس اسلام آباد سے کوئٹہ آرہی تھی جس میں 30 سے زائد مسافر سوار تھے۔
سول ہسپتال ژوب کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر نور الحق نے بتایا کہ ہسپتال میں لائے گئے چند زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشیں سول ہسپتال ژوب اور سول ہسپتال مغل کوٹ منتقل کی گئیں، مرنے والے افراد کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی ژوب میں قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب مسافر بس سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں گرنے سے 22 افرادہلاک اور ایک بچہ زخمی ہوگیا تھا۔
ضلع کے ڈپٹی کمشنر حافظ محمد قاسم نے بتایا تھا کہ بس تقریباً 23 افراد کے ہمراہ لورالائی سے ژوب کے لیے روانہ ہوئی اور اخترزئی کے قریب پہاڑ کی چوٹی سے گری، جس میں سوار 22 مسافر حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔