پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آج(جمعہ)کو سی پیک کاحب کہلانے والے بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر پہنچیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیر اعظم گوادر میں ترقیاتی منصوبوں اور امن وامان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اس کی شیڈول میں گوادر کے ماہی گیروں سے ملاقات بھی طے ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی گوادر پہنچنے پر کٹھ پتلی قائم مقام گورنر جان محمد جمالی اور کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو اور بلوچستان کے دیگر وزرا ان کا استقبال کریں گے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور دیگر وزرا کے وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
کہا جارہا ہے کہ دورہ گوادر کے دوران شہباز شریف اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں انہیں گوادر میں ترقیاتی منصوبوں اور امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستانی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق خلاف ورزیوں، جبری گمشدگیوں اوران کی آشیرواد سے سمندرمیں غیر قانونی فشنگ کیخلاف وزیر اعظم کے دورہ گوادر کے موقع پر عوامی حلقوں کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیا گیا۔
اس سلسلے میں جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت الرحمان نے حق دو تحریک کے پلیٹ فارم پر مقامی ماہیگیروں کے ہمراہ جمعہ کے روز پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ گوادر کے موقع پر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ کے سامنے وزیر اعظم کا مزاحمتی استقبال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ یہاں کے لوگ آپ سے خوش نہیں ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہزاروں ماؤں کے لخت جگر لاپتہ ہیں لوگ مہنگائی کے ہاتھوں پریشان، سرحدی کاروبار کی بندش اور سیکورٹی فورسز کی رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف جمعہ کو گوادر آرہے ہیں اس موقع پر اہلیان گوادر پورٹ کے سامنے انکا مزاحمتی استقبال کرینگے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ضلع گودار کے یوٹیلیٹی بلز معاف کی جائیں اور آفت زدہ قرار دیا جائے۔