متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ہونیوالے دھماکے سے 2افرادہلاک اور 120 زخمی ہوگئے۔
دھماکا ابوظہبی کے ایک ریستوران میں گیس سلنڈر کے پھٹنے کے باعث ہوا۔جس سے دو افراد ہلاک اور 120 زخمی ہو گئے ہیں۔
امارتی پولیس نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے 64 معمولی زخمی ہیں اور 56 کو معتدل چوٹیں آئی ہیں۔انھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے سے متعدد دکانوں اور قریبی چھے عمارتوں کے بیرونی حصے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ شہری دفاع نے حفظِ ماتقدم کے طورپر ریستوران سے متصل واقع چار رہائشی عمارتوں کو خالی کرا لیا ہے اور آگ بجھانے کے لیے عملہ کام کررہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارتوں کے رہائشیوں کوعارضی طور پر ٹھہرانے کی پیش کش کی جائے گی اور ان عمارتوں کومکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔