دالبندین: جبری لاپتہ غلام حضرت کی بازیابی کے لئے لواحقین کی عید پر احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے دالبندین کے رہائشی جبری لاپتہ غلام حضرت کے لواحقین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلام حضرت کو یکم اکتوبر 2018 کو دالبندین ڈنو کے میدان سے شام پانچ بجے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا انکی بازیابی کیلئے ہم نے گزشتہ آٹھ برسوں میں ہر ممکن قانونی اور جمہوری کوشش کی لیکن بدقسمتی سے کسی بھی ادارے نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ غلام حضرت کی جبری گمشدگی کے متعلق ہمیں دالبندین کینٹ بلایا گیا جبکہ اداروں کی جانب سے ہمیں کوئٹہ بھی طلب کیا گیا ۔دو مرتبہ ڈپٹی کمشنر خاران کے ساتھ اس مسئلے پر باقاعدہ نشستیں ہوئیں قبائلی عمائدین اور علاقائی معتبرین نے بارہا یقین دہانیاں کرائیں مگر افسوس کہ آج تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آسکی ۔

انہوں نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کے ذریعے ایک بار پھر متعلقہ اداروں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ خدارا غلام حضرت کو منظر عام لایا جائے پورا خاندان شدید ذہنی اذیت اور کرب کا شکار ہے اگر واقعی غلام حضرت پر کوئی الزام ہے تو اسے آئین و قانون کے مطابق منظر عام لایا جائے ہم قانون کے تمام تقاضے پورے کرنے کیلئے تیار ہیں اور کرتے رہیں گے۔

پریس کانفرنس میں لواحقین نے کہا کہ ہم ایچ آر سی پی ملکی و بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان متعلقہ فورمز اور سول سوسائٹی سے بھرپور اپیل کرتے ہیں کہ وہ غلام حضرت کی جبری گمشدگی کا نوٹس لیں اس سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر آواز بلند کریں اور انکی فوری بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم غلام حضرت کی بازیابی کیلئے قانونی اور جمہوری طرزِ عمل پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور انہی جمہوری طریقوں کے تحت اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس کی توسط سے ہم دالبندین کے عوام کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ غلام حضرت کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کے خلاف اور انکی بازیابی کیلئے ہم عید کے پہلے دن ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کریں گے ۔ہم انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارا احتجاج قانون کے مطابق ہوگا لہٰذا ہمیں آئین کے مطابق پُرامن احتجاج کا پورا حق حاصل ہے ہم تمام انسان دوست اور ہر ذی شعور فرد سے اپیل کرتے ہیں کہ اس احتجاج میں شرکت کرکے اپنی انسان دوستی کا ثبوت دیں۔

Share This Article