بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی اور تربت ایئرپورٹ کے قریب واقع جیٹ فیول اسٹوریج ایریا کو نشانہ بنایا، جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ اور یکے بعد دیگرے دھماکوں کی آوازیں سنائی گئیں۔
واقعہ گذشتہ شب پیش آیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق رات گئے شروع ہونے والی فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ کئی منٹ تک جاری رہا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سرکاری حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تاہم، تاحال کسی جانی نقصان یا تنصیبات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں کوئی باضابطہ معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ ایئرپورٹ کے اطراف اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے فوری طور پر قبول نہیں کی۔