جنرل باجوہ و پاکستانی فوج پر تنقید کرنیوالے افراد کیخلاف کریک ڈائون شروع

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور فوج کے خلاف تنقید کرنے والے 16افراد کی فہرست تیاراوران کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کریک ڈاؤن شروع کردیاہے۔

ذرائع ایف آئی اے کے مطابق گوجرانوالا میں اداروں کے خلاف مہم چلانے والے 16 افراد کی فہرست تیار کرلی گئی اور فہرست میں شامل افراد کی گرفتاری کیلئے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔

خیال رہے کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی سائبر ٹیم کی جانب سے جنرل قمر جاوید باجوہ اور فوج کے خلاف ٹرینڈز چلائے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر فوج اور جنرل باجوہ کیخلاف جاری ٹرینڈزکی فوج نے نوٹس لے لیا ہے۔

اس سلسلے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں پیشہ ورانہ امور اور نیشنل سکیورٹی چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔

پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے ادارے اور سوسائٹی کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی مہم کا نوٹس لیا۔ فارمیشن کمانڈرز نے مؤقف اپنایا کہ اس پروپیگنڈے کا مقصد سوسائٹی اور ادارے کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے، پاکستان کی قومی سلامتی سب سے بڑھ کر مقدم ہے۔

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے مؤقف اپنایا کہ پاک فوج کوئی سمجھوتہ کیے بغیر ریاستی اداروں کیساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔

بیان کے مطابق فارمیشن کمانڈرز نے عسکری قیادت کی جانب سے آئین اور قانون کی سربلندی کے لیے عسکری قیادت کے فیصلوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، آئین وقانون کی حکمرانی کیلئے عسکری قیادت کے بہترین فیصلوں پر ہر قیمت پر ساتھ ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، پاک فوج ہر طرح کے حالات میں تمام اندرونی و بیرونی خطرات میں پاکستان کا دفاع کرے گی۔

Share This Article
Leave a Comment