کیچ سے فورسز ہاتھوں 3افرادلاپتہ،کوئٹہ میں حوالات میں بند ملزم جھلس کرہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے3افراد کوحراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا جبکہ کوئٹہ میں حوالات میں آگ لگنے سے بند ملزم جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق رات گئے پاکستانی فورسز نے کیچ کے علاقے تجابان میں ایک گھر پر چھاپہ مارکر دو افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والے دونوں کی شناخت اقبال ولد میران اور دوستا ولد حاجی بدل کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اسی طرح گزشتہ شب کیچ کے علاقے شاپک میں پاکستانی فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر ایک شخص کو گرفتاری کے بعد لاپتہ کردیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے تاج محمد ولد گمشاد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنے ساتھ لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ فورسز کے ہمراہ مقامی مخبر بھی تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کیچ کے علاقے سرنکن سے 7 افراد اور مرکزی شہر تربت آبسر سے ایک نوجوان کو بھی پاکستانی فورسز نے گرفتار کے جبری گمشدگی کا شکار بنایا تھا۔

دریں اثنابلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں ائیرپورٹ پولیس تھانے کے حوالات میں بند ایک ملزم جھلس کرہلاک ہوگیا۔

واقعہ کے بعد انکوائری تشکیل دے دی گئی اورایس ایچ او سمیت چار اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ائیرپورٹ پولیس تھانے میں ایک ملزم ظہور احمد کسی مقدمے میں گرفتار اور حوالات میں بند تھا گذشتہ رات کو حوالات میں آگ لگنے کے باعث جھلس کرہلاک ہوگیا۔

آگ لگنے اور اس سے ملزم کیہلاک ہونے کی وجوہات فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے حوالات میں موجود کمبل و بستروں کو آگ لگایا جس سے وہ جھلس کر زخمی ہوا جوبعد میں ہسپتال میں چل بسا۔

تاہم اس واقعہ کا آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او عجب خان کاکڑ، سمیت چار اہلکاروں کو معطل کردیاہے۔

ایس پی ہیڈ کوارٹر کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے جو واقعہ کی انکوائری کرکے رپورٹ ڈی آئی جی کو پیش کرینگے۔

Share This Article
Leave a Comment