کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا ایک ماہ کیلئے جنگ بندی کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے 9 نومبر سے ایک ماہ کیلئے سیز فائر کا اعلان کردیا۔

ترجمان کالعدم ٹی ٹی پی کے مطابق فائر بندی میں فریقین کی رضامندی سے مزید توسیع بھی کی جائے گی اور فریقین پر فائربندی کی پاسداری ضروری ہے۔

کالعدم ٹی ٹی پی کا کہنا ہے کہ فریقین نے مذاکراتی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا ہے، کمیٹیاں آئندہ لائحہ عمل اور فریقین کے مطالبات پر مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گی۔

کالعدم ٹی ٹی پی کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان مذاکراتی عمل میں ثالث کا کردار ادا کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھاکہ حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی مکمل سیز فائر پر آمادہ ہوچکے۔

ان کا کہنا تھاکہ مذاکرات کی پیشرفت کو سامنے رکھتے ہوئے سیز فائر میں توسیع ہوتی جائے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ مذاکرات میں افغانستان کی عبوری حکومت نے سہولت کار کا کردار ادا کیا، یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان کے یہ علاقے طویل عرصے بعد مکمل امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ترک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment