کانگو: دریا میں مسافر کشتی الٹنے سے 51 افراد ہلاک،70لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

کانگو میں رواں ہفتے دریا میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں 51 افراد ہلاکجبکہ 70 افرادابھی تک لاپتہہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شمال مغربی صوبے مونگالا کے گورنر کے ترجمان نیسٹر مگباڈو نے کہا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دریا میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں ڈوبنے والے 51 افراد کی لاشیں جمعہ تک نکال لی گئی تھیں جبکہ اب بھی 70 افراد لاپتا ہیں اور 39 افراد کو بچا لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کشتی میں سوار مزید مسافروں کا پتہ نہیں چلا اور ہم نے کشتی میں گنجائش کی بنیاد پر لاپتہ افراد کا تخمینہ لگایا ہے۔

نیسٹر مگباڈو نے کہا کہ حادثہ رات کے وقت خراب موسم میں کشتی میں ممکنہ طور پر حد سے زیادہ مسافروں کے سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہو گا۔

حادثے کا دو دن تک کسی کو بھی پتہ نہیں چلا کیونکہ جمعہ تک میڈیا یا حکام کو اس کی اطلاع نہیں دی گئی اور پھر ہفتے کو صوبائی حکام نے واقعے کی تصدیق کی۔

مگباڈو نے کہا کہ منگالا حکام نے ڈی آر سی کے دارالحکومت کنشاسا میں حکام کو کشتی ڈوبنے کے فوری بعد آگاہ کیا تھا لیکن ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں مزید معلومات کے منتظر تھے۔

انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کی تلاش اور انہیں بچانے کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ہی مزید زندہ بچ جانے والوں کے حوالے سے امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔

صوبائی حکام نے پیر سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

کشتی کے حادثات وسیع معدنیات سے مالا مال ملک کانگو میں اکثر پیش آتے رہتے ہیں کیونکہ اکثر کشتیاں اور جہازوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار ہوتے ہیں اور اکثر مسافر لائف جیکٹس نہیں پہنتے۔

رواں سال فروری میں 700 مسافروں کو لے جانے والا ایک جہاز ڈوبنے سے کم از کم 60 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

اس سے قبل جنوری میں کیو جھیل میں ایک مسافر کشتی ڈوبنے کے سے بچوں اور خواتین سمیت کم از کم تین افراد ڈوب گئے تھے۔

جولائی 2010 میں مغربی صوبے بانڈنڈو میں کشتی الٹنے سے 135 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

TAGGED:
Share This Article
Leave a Comment