بھارت: علیحدگی پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی انتقال وعجلت میں تدفین

0
176

کشمیر کے علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی طویل علالت کے بعد بُدھ کی شب وفات پا گئے تھے۔ ان کی عمر لگ بھگ 92 برس تھی۔

سید گیلانی عارضہِ قلب میں مبتلا تھے جو سری نگر کے حیدر پورہ علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ پر گزشتہ کئی برس سے نظر بند تھے۔

سید علی گیلانی کے ایک قریبی رشتے داروں کے مطابق انہوں نے بُدھ کی سہہ پہر سینے میں شدید درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد شام کو اُن کی حالت ابتر ہوئی اور شب دس بجے کے قریب انہوں نے آخری سانس لی۔

کشمیر کے علیحدگی پسند رہنما کو سری نگر میں ان کے گھر کے قریب حیدر پورہ کے علاقے میں جمعرات کی علی الصبح ’عجلت‘ میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

سخت سیکیورٹی کے ماحول میں مرحوم کے اہلِ خانہ کو ہی آخری رسومات میں شریک ہونے کی اجازت مل سکی۔

گیلانی خاندان کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ حکام نے اُن کے ایک بیٹے سے رابطہ قائم کر کے انہیں مشورہ دیا تھا کہ اُن کی تدفین سری نگر سے 50 کلو میٹر شمال مغرب میں واقع سوپور شہر کے مضافاتی علاقے ڈورو میں خاموشی کے ساتھ کی جائے۔

تاہم سید علی گیلانی کو ان کی رہائش گاہ کے قریب قبرستان میں غیر معمولی انتظامات کے تحت ‘عجلت’ میں دفن کیا گیا اور تدفین میں ان کے قریبی رشتہ داروں کو ہی شریک ہونے کی اجازت دی گئی۔

انتظامیہ نے صحافیوں کو حیدر پورہ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی۔ پورے سری نگر میں سخت کرفیو نافذ ہے اور کسی بھی جگہ جلسے یا تعزیتی اجتماعات منعقد کرنے یا جلوس نکالنے پر پابندی ہے۔

سید علی گیلانی بھارت سے علیحدگی کیلئے تحریک چلارہے تھے۔وہ مکمل طور پر پاکستان کو پسند کرتے تھے۔

بھارت سرکار کے مطابق وہ پاکستان کی ایما پر بھارت کیخلاف علیحدگی کی تحریک چلا رہے تھے۔اور وہ چاہتے تھے کہ وہ کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ضم کردے کیونکہ وہ خود کو کشمیری سے بڑھ کر پاکستانی تصور کرتے تھے۔

ادھرپاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے سید علی گیلانی کے انتقال پر ایک روزہ سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا بھی اعلان کیاہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سینیئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا، انہوں نے ساری عمر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی۔

ان کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی نے قابض بھارتی انتظامیہ کی قیدوبند کی اذیتیں برداشت کیں اورپرعزم رہے، ان کی جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہم ان کے الفاظ ’ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے‘ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here