کابل ایر پورٹ دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 90 ہوگئی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

جمعرات کو کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے خودکش حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 90 ہو گئی ہے۔

افغان وزارت صحت کے مطابق اب تک 150 افراد کے حملے میں زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

جمعرات کو ہونے والے حملے میں 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں اور یہ 2011 کے بعد افغانستان میں امریکی فوجیوں کے لیے سب سے زیادہ خونریز دن ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق، کابل ائیرپورٹ دھماکوں میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے جب کہ زخمی فوجیوں کی تعداد 18 بتائی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ نے نام نہ بتانے کی شرط پر ایک افغان اہل کار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ان خودکش حملوں میں کم از کم 60 افغان شہری ہلاک جب کہ 143 زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے انخلا کے لیے ایئر پورٹ کے باہر موجود افغان باشندوں کی بھیڑ کے درمیان ہوئے۔

ایک طالبان رہنما نے دعوی کیا ہے کہ ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں ان کے کم از کم 28 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

روئٹرز سے بات کرتے ہوئے طالبان رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ’ہمیں امریکیوں سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔‘

طالبان رہنما کے مطابق اس حملے کے باوجود امریکہ کو اپنے انخلا کی تاریخ میں توسیع کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے کابل ایئرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

گروپ نے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور نے جس کی تنظیم نے شناخت بھی ظاہر کی ہے، افغانوں اور امریکی افواج کے درمیان دھماکہ خیز مواد سے بھرے جیکٹ سے دھماکہ کیا۔

Share This Article
Leave a Comment