بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن کے تاج روڈ پر لیویز ہیڈ کوارٹرز کے قریب دھماکے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں 2 لیویز اہلکار، تحصیل دار اور رسالدار ہیڈ کوارٹر بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کو چمن اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ علاقے کو سیل کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شہوانی کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دھماکے میں تحصیلدار و لیویز رسالدار چمن کو نشانہ بنایا گیا، دونوں معمولی زخمی ہوئے جبکہ دھماکے کے بعد چمن اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی رواں سال جنوری اور فروری میں 2 دھماکے ہوئے تھے جن میں 20 سے زائد افرادہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
حملہ آواروں نے ایک دھماکے میں مسجد کو بھی نشانہ بنایا جہاں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔