بلوچستان: جولائی میں 50 سے زائد فوجی آپریشن، 29 افراد لاپتہ، 23 افراد قتل کردیئے گئے، بی این ایم رپورٹ

ایڈمن
ایڈمن
19 Min Read

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری دل مراد بلوچ نے جولائی 2021 کی تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی کے مہینے میں پاکستانی فوج نے بلوچستان کے طول و عرض میں 50سے زائدفوجی آپریشنوں اور چھاپوں میں 29افراد جبری لاپتہ،23افرادقتل ،جن میں سے پانچ جبری گمشدگی کے شکارافرادکوسی ٹی ڈی کے جعلی مقابلے کے نام پرجبکہ دوافراد کو فوج نے قتل کردیا۔17افرادکے قتل کے محرکات سردست معلوم نہ ہوسکے ۔اس مہینے پاکستانی فوج نے متعددگھروں میں لوٹ مارکی جبکہ 16افرادپاکستان کے اذیت گاہوں سے بازیاب ہوگئے۔

دل مراد بلوچ نے کہا گومازی میں پاکستانی فوج نے پارٹی کیچ گومازی میں کے سابقہ وائس چیئرمین غلام نبی کے چچازادی اور پارٹی ممبر بانک کیگد بلوچ کو تشدد کرکے قتل کردیا۔ کیچ ہی کے علاقے تجابان میں ایک ذہنی معذور چرواہا غلام جان ولد شیہی کو دوران حراست قتل کرکے لاش سول ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کی گئی۔ کیچ میں نیشنل پارٹی کے مقامی لیڈر اور ڈیتھ سکواڈ سرغنہ ملا عزیز نے ایک نوجوان کو اٹھاکرفوج کے حوالے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کولواہ میں پاکستانی فوج نے گاؤں کے پوری آبادی کوخضدارمنتقل ہونے کی دھمکی دی۔ غرض بلوچ کے خلاف بربریت کے نے نئے حربے استعمال میں لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا بلوچ نسل کشی کا ایک کربناک حربہ پاکستانی فوج کے زیرحراست افراد کو جعلی مقابلوں کے نام قتل کرنا ہے۔ اس مہینے میں بھی فوج نے مختلف اوقات میں جبری گمشدگی کے شکار افراد میں سے پانچ افراد کو سی ٹی ڈی کے ساتھ انکاؤنٹر کے نام پرقتل کرکے اپنے جنگی جرائم میں نئے باب کا اضافہ کردیا۔ دل مراد بلوچ نے پاکستانی جنگی جرائم میں دن بہ دن اضافہ ہی ہو رہا ہے۔

پاکستانی فوج بلوچ نسل کشی میں تمام حدود کو پار کر چکا ہے لیکن واضح جنگی جرائم کے باوجود بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کوئی عملی قدم نہ اٹھانا حیران کن ہے۔ جنگ زدہ علاقوں میں عالمی اداروں کے لئے اپنا کردار ادا کرنا فرض بن جاتا ہے کیونکہ ان کے قیام کا بنیادی مقصد یہی ہے۔ ہم بھی اسی دنیا میں رہ رہے ہیں جس کے مسائل کے حل کے لئے یہ عالمی ادارے وجود میں آچکے ہیں۔ ہم اپنی رپورٹوں اور دوسرے ذرائع سے بلوچستان کے حالات ان تک پہنچا رہے ہیں۔

دل مرادبلوچ نے کہا بلوچستان میں پاکستان کے بربریت اور جنگی جرائم ایک وجہ عالمی اداروں کی خاموشی ہے جسے پاکستان ایک اسثنیٰ کے طور پر استعمال کررہی ہے۔تمام واقعات کی تفصیل ذیل میں ملاحظہ فرمائیں۔

یکم جولائی 2021 ۔۔۔کیچ کے علاقے گومازی سے پاکستانی فوج کے ہاتھوں تین جبری لاپتہ تین افراد بلال ولد بخشی سکنہ ڈلسر مند ، قاسم ولد عبدالغنی سکنہ گومازی تمپ ، منصور قمبرانی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ۔۔۔۔واشک کے علاقے ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص ممتاز ولد عبدالکریم کبدانی کوہلاک کردیاقتل کے محرکات معلوم نہ ہوسکے۔

2 جولائی 2021 ۔۔۔کیچ کے مرکزی شہر تربت سے پاکستانی فوج دو سگےبھائی الطاف آزاد اور بھدان ولد مولابخش کو گمشاد ہوٹل میں کھانا کھانے کے دوران حراست میں لے کر جبری لاپتہ کردیا ۔۔۔۔کیچ کے علاقے تمپ ،دازن،میں ریاستی ڈیتھ سکواڈنے کئی گحروں میں لوٹ مارکی ۔ڈیتھ سکواڈکارندوں نے خواتین کی بے حرمتی کی ،گھروں سے نقدی ،موبائل اورخواتین کی کانوں سے سونے کے زیورات لوٹ لیے ۔۔۔۔کیچ کے علاقے زامران کے مختلف علاقوں گیشردان،چُر،سرمچان،دشتگ،نلونلج اورگردونواح میں پاکستانی فوج نے آپریشن کرکے لوگوں پر تشددکی اورگھرگھرتلاشی لی ۔

3 جولائی 2021 ۔۔۔سبی بختیار آباد میں ڈاکوؤں نے گھر میں لوٹ مار کے دوران گھر والوں کی مزاحمت کے ردعمل میں خواتین سمیت چار افراد کو زخمی کردیا۔ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مائی بختیار،پرویز احمد، بہادر اور رئیس الدین نامے شخص زخمی ہوگئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے سبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ۔۔۔تربت میں نیشنل پارٹی کے مقامی لیڈر اور ڈیتھ سکواڈسربراہ عزیز بزنجو نے نوجوان یاسین ولد شیران کو گھر سے اٹھا کر فوج کی تحویل میں دیا تب سے نوجوان جبری لاپتہ ہے۔

6 جولائی 2021 ۔۔۔کوئٹہ میں پاکستانی فورس کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے ایک جعلی مقابلے میں پانچ زیرحراست جبری لاپتہ افراد کو گولی مار کر قتل کردیا ۔ان میں سے قدرت اللہ ولدمحمدوارث سکنہ خاران کو تین ماہ قبل پاکستانی فوجی اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر جبری لاپتہ کیا تھا۔ ۔۔۔ پنجگور کے علاقے کیلکور میں پاکستانی فوج نے ایک بارپھربربریت کاسلسلہ ہنوز جاری ہے۔ جارحیت کی تازہ لہر میں کیلکورکی طول میں آبادیوں پرپاکستانی فوج مظالم کاقہربرپاکررہاہے ۔

7 جولائی 2021 ۔۔۔آواران کے علاقے گیشکورسنڈم میں نامعلوم مسلح افراد نے شیرجان شیدا کوفائرنک کرکے قتل کردیاقتل کے وجوہات معلوم نہ ہوسکے ۔

8 جولائی 2021 ۔۔۔کیچ کے علاقے مندکے جامع مسجد سے پاکستانی فوج کی طرف سے اعلان کرکے لوگوں کو پہاڑی علاقوں میں جانے سے منع کردیا گیا ہے۔ اعلان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شکار ، پکنک منانے یا بکریاں چرانے پہاڑوں کی طرف جائے گا تو وہ اپنے انجام کا ذمہ دار خود ہوگا۔ 9

جولائی 2021 ۔۔۔کیچ کے علاقے مند میں پہاڑوں پر پکنک منانے والے چار نوجوان حیاتان ولد محمد کریم ، قادر بخش ولد اسماعیل ، قادر بخش ولد یونس ساکنان گیاب اور یحی ولد بجار سکنہ گوک مند کوپاکستانی فوج نے جبری لاپتہ کردیا۔نوٹ :جنہیں ایک ہفتے تک اذیت خانوں میں قید رکھنے کے بعد رہاکردیاگیا۔۔۔۔گوادرجی ڈی اے ہسپتال کے نزدیک عبدالغفار ولد لال بخش نامی شخص کی لاش برآمدہوئی60 سالہ شخص’عبدالسلام بازار سنگانی سر تربت ضلع کیچ‘ کے رہنے والے تھے جو حال میں گوادر کے ساحلی گاؤں جیمڑی میں رہائش پذیر تھے۔ان کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

10 جولائی 2021۔۔۔کیچ ،پاکستانی فوج نے تلار چیک پوسٹ سے تربت سے کراچی جانے والے اکبر ولد برکت سکنہ نودز کیچ کوحراست میں لے جبری لاپتہ کردیا جو نیول ٹیکنکل کالج کا طالبعلم ہے۔۔۔۔ تربت سے پاکستانی فوج نے عقیل ولد بشیر احمد کو اس کے قریبی رشتہ داروں کے سامنے حراست میں جبری لاپتہ کردیا ۔

11 جولائی 2021 ۔۔۔ہرنائی شاہرگ میں اکستانی فوج نے آپریشن کاآغازکردیاتوعوام سراپا احتجاج ہوگئے اور فوجی اہلکاروں کو گھروں میں گھسنے سے منع کردیا۔ عوام اور فوج کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی۔ اہلکاروں نے عوام پر فائرنگ کی جبکہ جواب میں عوام نے ان پر پتھراؤ کیا ۔۔۔۔ پنجگور کے علاقے گرمکان میں ایک گھرپرچھاپہ مارکرپاکستانی فوج عادل، اس کے بھائی عمران اور عابد کوحراست میں لے کرجبری لاپتہ کردیا جبکہ اس دوران فورسز نے خواتین و بچوں کو شدید ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

13 جولائی 2021 ۔۔۔کوئٹہ میں سبی روڈ مینگل آباد کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محمد ایوب ولد غلام قادر مینگل عمر 25 سکنہ مینگل آباد کوئٹہ کوقتل کردیا،قتل کے وجوہات معلوم نہ ہوسکے ۔ ۔۔۔مستونگ کے علاقے پڑنگ آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خالد شاہوانی ولد انور خان شاہوانی ہلاک ہوا ۔

14 جولائی 2021 ۔۔۔مستونگ میں 10 سالہ گمشدہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ہے۔ چشمہ دولئے کانک کے رہائشی داد محمد سرپرہ کے 10 سالہ بیٹے کو بکریاں چراتے وقت قریبی پہاڑ ی سے لاپتہ کیاگیاتھا بعد ازاں والدین کی تلاش کے بعد مذکورہ بچے کی لاش قریبی پہاڑ سے ملی جس کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے قتل کردیا گیا تھا۔

15 جولائی 2021 ۔۔۔مستونگ،13 دسمبر 2017 کو دشت ضلع مستونگ سے پاکستانی فوج کے ہاتھوں جبری لاپتہ عبدالحکیم ولد جمعہ خان بنگلزئی بازیاب ہوگئے ۔۔۔۔پسنی کلانچ کے مختلف علاقے سردشت، شادی کور، گانو، جوئی، کوڈیج میں پاکستانی فورسز کی آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں فورسز کو زمینی اور فضائی کمک حاصل ہے ۔

17جولائی 2021 ۔۔۔ خاران سے پاکستانی فوج کے ہاتھوں دو ماہ قبل جبری طورپر لاپتہ رسول بخش ولد نذیر احمد اور سفیان بلوچ سکنہ خاران بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔

18 جولائی 2021 ۔۔۔ گوادر کے تحصیل پسنی ببر شور وارڈ نمبر 1 سے سے پاکستانی فوج نے شاعراورپیشے کے لحاظ سے درزی داد بخش ولد محمد کوحراست میں لے کرجبری لاپتہ کردیا ۔

20 جولائی 2021 کیچ: بی این ایم کیچ دمگ کے سابق صدر جاسم بلوچ کی والدہ بی بی لالین وفات پا گئیں۔انہوں نے زندگی میں بے شمارکی سامناکئیں،ان کے بیٹے کوپاکستانی فوج نے سالوں تک لاپتہ رکھا۔ ۔۔۔پسنی جڈی ہور میں ایک نوجوان علی جان ولد الہی بخش ساکن وارڈ نمبر شش پسنی کی مسخ شدہ لاش ملی خاندان کے مطابق وہ گزشتہ دو روز سے لاپتہ تھا۔ ان کی گمشدگی اورموت کی محرکات معلوم نہ ہوسکے ۔ ۔۔۔کوئٹہ پریس کلب کے سامنے سے بھی ایک نا معلوم شخص کی لاش ملی ہے جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔شناخت اورموت کے اسباب معلوم نہ ہوسکے۔ ۔۔۔ مغربی بلوچستان کے علاقے پیشن میںمشہور بینجو نواز حمید جیھند کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ حمید جیھند معروف سماجی کارکن اور فلاحی ادارہ احساس ویلفئر کے سربراہ ملا لیاقت ولی کے بھائی تھے، جن کا آبائی تعلق مند سے تھا۔ ۔۔۔مختلف علاقوں سے پاکستانی فوج نے حراست سے 7افرادبازیاب ہوگئے۔ان میں جنڈوانی مری اور تاؤ جنڈوانی مری کو میں لیا تھا جو کاھان میں چیزیں بیچ کر گزر بسر کرتے تھے۔جنہیں سوئی میں رہا کردیا گیا۔ تشدد اور طویل عرصے تک عقوبت خانے میں ہونے کی وجہ سے ان کی یاداشت متاثر تھی اور اپنا نام بھی نہیں بتا پا رہے ہیں۔ تین سال سے جبری لاپتہ لطیف سرکری بگٹی، مستونگ سے تین سال سے جبری لاپتہ یاسر عرفات ، 4 مئی 2019 سے ڈیرہ بگٹی سے جبری لاپتہ جوانسال ولد گھنور بگٹی ، تین سال سے جبری لاپتہ محمد ملوک عرف برین بگٹی اور 31 مئی 2019 سے جبری لاپتہ طالب علم ماجد بلوچ بازیاب ہوگئے ہیں ۔۔۔۔کوئٹہ میں نامعلوم افراد نےفائرنگ کرکے حمید مری جبکہ کوئٹہ کے قریب بی بی نانی میں اکبر خان ژنگ مری کے جوان بیٹے اور پٹواری اسد ژنگ مری کے بھتیجے حمید مری کوقتل کردیا،قتل کے محرکات معلوم نہ ہوسکے۔

23 جولائی 2021 ۔۔۔کوہلوکے علاقےبوہڑی میں مسلح افرادوں نے گھر کے اندر گھس کر بیوہ عورت کو قتل کر دیا ہے۔جس کا تعلق لانگانی مری قبیلے سے بتایا جاتا ہے جن کے شوہر محمد گل لانگانی مری 2 سال قبل فوت کرچکے تھے۔جس کے دو کمسن بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں۔۔۔۔ کیچ کے علاقے تجابان میں پاکستانی فوج چار مہینے قبل گھروں پر چھاپے مارکر تین افراد جہانزیب ولد علی بخش، عیس ولد میر دوست سکنہ سنگانی سر تربت اور جلال ولد پلین سکنہ تجابان کیچ کو حراست میں لینے کے بعدجبری طور پر لاپتہ کیا۔ ان میں جہانزیب کو فورسز نے 9 اپریل 2021 حراست میں لے لیا جبکہ دیگر دو افراد کو 21 مارچ 2021 کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا۔جس کی خاندان آج تصدیق کی ہے۔

25 جولائی 2021 ۔۔۔کیچ کے گومازی میں پاکستانی فوج کے تشدد سے بلوچ نیشنل موومنٹ کی ممبر ”بانک کیگد بنت عبداللہ "شہید ہوگئیں۔شہید کیگد بی این ایم کے سابق وائس چیئرمین استاد غلام نبی کی چچازاد بہن تھیں۔ پاکستانی فوج نے گومازی میں استاد غلام نبی، سیٹھ پلان ،کریمداد ، مولابخش ،سیٹھ علی اور شہید بانک کیگد کے گھر پر دھاوا بولا۔گھیراؤ کے دوران فائرنگ کی، خواتین اور بچوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ۔گھروں کے قیمتی اشیاء لوٹ لیے اور باقی چیزوں کو توڑ کر ناکارہ کردیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی فوج استادغلام نبی کے گھروں میں لوٹ ماراورانہیں نذرآتش کرچکاہے۔۔۔۔کیچ کے علاقے تمپ گومازی میں پاکستانی فوج نے پانچ افراد کفایت ولد سیٹھ علی،ضمیر ولدحسین،وارث ولدحسین،عالِم ولدسلام اورمقبول ولدابراہیم کوحراست میں لے کرجبری لاپتہ کردیا ۔

27 جولائی 2021 ۔۔۔کولواہ: پاکستانی فوج نے گاؤں شاپکول کی آبادی کو طاقت کے زور پر وہاں سے ہجرت کرکے خضدارجانے کی دحمکی دی جبکہ زیک گیشکور سے دوافراد رفیق ولد سعید اور سلیم ولد نیک محمد کو حراست میں لے جبری لاپتہ کیا ہے۔

28 جولائی 2021 ۔۔۔پنجگورکے علاقے وشبود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والاے جعفر ولد سلیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہوگئے۔

29جولائی 2021 منگچر میں غلام مصطفی ولد غلام قادر بنگلزئی سکنہ مستونگ کی لاش ملی ہے جنھیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے،ہلاکت کے محرکات معلوم نہ ہوسکے ۔۔۔۔چاغی ڈھائی مہینے پہلے لیجے کاریز کے قریب سے ملنے والی بوری بند مسخ شدہ لاش کی ڈی این اے کی مدد سے شناخت طالب علم محمد نسیم کے نام سے ہوئی ہے جسے نامعلوم افراد نے چاغی فٹبال گراؤنڈ کے قریب اغوا کے بعد قتل کیا تھا اور اس کی لاش انتہائی مسخ حالت میںویرانے میں پھینک دی تھی ۔۔۔ کیچ کے علاقے تمپ میر آباد بالیچہ کے پہاڑی سلسلہ گھاٹی، انجیر گہن، گازن کو گذشتہ دو روز سے فورسز نےمحاصرہ کیا ہوا ہے، فورسز کی بڑی نفری علاقے میں موجود ہے۔ ۔۔۔پنجگورکے علاقے کیلکور میں چاب، حاجی آباد ،کاشت اور گردونواح میں پاکستانی فوج کے جنگی ہیلی کاپٹروں نے ایک آپریشن کے دوران شدیدشیلنگ کی ہےجبکہ زمینی فوج اس علاقے میں مسلسل بربریت کررہاہے ۔۔۔۔کیچ کے ہیرونک، سنگ آبادمیں پاکستانی نے سبزل نامی مالدارشخص کے گھرپرچھاپہ لگاکرلوٹ ماراورلوگوں پرتشددکے علاوہ دو چرواہےغلام ولد شیہی اور اللہ داد ولدجمعہ اورسبزل کوحراست میں جبری لاپتہ کردیا۔۔۔۔کیچ کے علاقے گومازی میں پاکستانی فوج نے لشکرکشی کرکے مقبول ولد ابراہیم کوحراست میں لے کرجبری لاپتہ کردیا،مقبول اس سے قبل بھی فوج کے ہاتھوں لاپتہ ہوچکے ہیں ۔۔۔۔کیچ کے مرکزی علاقے تربت آبسرسے پاکستانی فوج نے معراج ولد اسلم اورپسنی کے علاقے شادی کور تراتی سے سترہ سالہ امام کوحراست میں لے کرلاپتہ کردیا۔۔۔۔کیچ کے علاقے اپسی کہن اورکلبرکے پہاڑی سے پاکستانی فوج نے بڑے پیمانے پرآپریشن کاآغازکردیاہے۔ ۔۔۔کیچ کے پیدارک اوور پسنی کے علاقے دو راہی، لنجی،گْورکوپ اورگروونواح میں پاکستانی فوج نے آپریشن شروع کردیاہے ۔

30جولائی 2021 ۔۔۔ کیچ کے علاقے کرکی تجابان کے گاؤںسنگ آبادپاکستانی فوج کے ہاتھوں جبری لاپتہ چرواہے غلام ولد شیہی کو تشدد کے ذریعے قتل کرنے کے بعد آج فوج نے ان کی تشدد زدہ لاش سول ہسپتال تربت کے حوالے کی۔ واضح رہے کہ غلام ایک ذہنی طور پر معذور تھا۔۔۔۔کراچی پاکستانی فوج نے جبری لاپتہ راشد حسین کی والد اور ان کے بھتیجے کو حراست میں لے کرجبری لاپتہ کردیااس کے بعدراشد کے بہنوئی کے گھر پر چھاپہ مار کر انھیں حراست میں لیا۔ راشد حسین کی والدہ نے بتایا کہ راشد کے والد اور بھتیجے کو رہا کردیا گیا ہے جبکہ ان کے بہنوئی علی جان ولد تاج محمد تاحال ان کی حراست میں ہیں۔

31 جولائی 2021 ۔۔۔ کچی کے علاقے چندڑ اور آمدان گاؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں امان اللہ ولد خیرجان ابڑو ہلاک جبکہ محمد امین ولد سبزل ابڑو شدید زخمی ہوگیا جبکہ شال میں مستونگ روڈ پر الآصف ہوٹل کے قریب نا معلوم افراد نے موٹر سائیکل پر فائرنگ کی جس سے مقبول احمد ولد اللہ بخش بادینی، عمر 35 سال سکنہ کیچی بیگ ہلاک ہوگیا،محرکات معلوم نہ ہوسکے ۔

Share This Article
Leave a Comment