صدارتی الیکشن میں عوامی بائیکاٹ ”اسلامی جمہوریہ ایران“کی نا منظوری ہے، رضا پہلوی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ایران کے سابق بادشاہ کے بیٹے اور سابق ولی عہد رضا شاہ پہلوی نے کل ہفتے کے روز ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو’ڈھونگ‘ قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام نے صدارتی انتخابات کے ڈھونگ کا جرات مندانہ بائیکاٹ کرکے ایرانی حکومت آخری مراحل پر پہنچا دیا ہے۔ عوام نے بائیکاٹ کرکے اقتدار پرقابض طبقے کو اپنا واضح پیغام دے دیا ہے۔

رضا پہلوی نے ایرانی عوام کو صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کے اس کارنامے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ زوال پذیر ایرانی حکومت کا ساتھ نہ دے۔

پہلوی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پرٹویٹس میں لکھا کہ ایرانی عوام نے بہ یک آواز ہو کرکہا ہے کہ ہمیں اسلامی جمہوریہ ایران نا منظور ہے۔ عوام جعلی انتخابات کا تاریخی بائیکاٹ کرتے ہوئے تحریک آزادی کو آخری مرحلے میں لے آئے ہیں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ دنیا کو اس ٹوٹتے ہوئے نظام میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔

ایرانی میڈیا نے ہفتے کے روز ہونے والے انتخابات میں ایرانی عدلیہ کے سخت گیر سابق سربراہ ابراہیم رئیسی کی فتح کا اعلان کیا ہے۔ کروڑوں لوگوں نے ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو فراڈ قرار دے کر ان کا عملا بائیکاٹ کیا ہے۔

نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی نے الیکشن کمیشن کے سربراہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ 90 فی صد ووٹوں کی گنتی کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 28 ملین ووٹوں میں سے 17 ملین نے ووٹ ڈالے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment