بل گیٹس اور ملینڈا کا شادی کے 27 برس بعد طلاق کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

کسی زمانے میں دنیا کے امیر ترین شخص کہلانے والے بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا نے شادی کے 27 سال بعد طلاق کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘ہمارے نزدیک اب ہم اب ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہوئے ترقی نہیں کر سکتے۔’

جوڑے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے ذریعے کیے گئے اعلان میں کہا گیا کہ ‘بہت زیادہ سوچ بچار اور اپنے رشتے پر بہت زیادہ کام کرنے کے بعد ہم نے اپنی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’

دونوں کی پہلی ملاقات 1980 کے اوآخر میں ہوئی تھی جب ملینڈا نے بل گیٹس کی کمپنی مائیکروسافٹ میں نوکری کا آغاز کیا تھا۔ ان کے اب تین بچے ہیں۔

دونوں مشترکہ طور پر فلاحی تنظیم بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا انتظام بھی سنبھالتے ہیں۔

ان کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کیے جانے والے اعلامیے میں لکھا ہے کہ ‘گذشتہ 27 سالوں کے دوران ہم نے تین قابلِ فخر بچوں کی پرورش کی ہے اور ایک ایسی فاؤنڈیشن بنائی ہے جو دنیا بھر میں کام کرتی ہے اور لوگوں کو صحت مند اور سود مند زندگی گزارنے میں مدد کر رہی ہے۔’

’ہم اب بھی اس مشن پر یقین رکھتے ہیں اور ہم اس فاؤنڈیشن کے لیے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے، تاہم ہمارے نزدیک ہم بطور جوڑا اپنی زندگیوں کے اگلے مراحل میں ایک ساتھ ترقی نہیں کر سکتے۔‘

ان کے فاؤنڈیشن نے متعدی امراض کے خلاف جنگ اور بچوں میں ویکسینیشن کی حوصلہ افزائی کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں۔

یہ دونوں سرمایہ کار وارن بفیٹ کے ساتھ مل کر ‘گِونگ پلیج’ نامی مہم کا بھی حصہ ہیں جو ارب پتی افراد سے اپنی دولت کا زیادہ تر حصہ اچھے کاموں میں خرچ کرنے کے لیے چلائی گئی ہے۔

فوربز کے مطابق بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان کی کل دولت 124 ارب کے قریب ہے۔

انھوں نے یہ دولت 1970 کی دہائی میں مشترکہ طور پر قائم کی جانے والی دنیا کے سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے ذریعے کمائی۔

ملینڈا جو اب 56 برس کی ہیں، نے 1987 میں بطور پروڈکٹ منیجر مائیکرو سافٹ میں شمولیت اختیار کی اور وہ دونوں اسی سال نیو یارک میں بزنس ڈنر کے دوران اکٹھے بیٹھے تھے۔

اس کے بعد انھوں نے ایک جوڑے کے طور پر ملنا شروع کر دیا، لیکن جیسا کہ بل نے نیٹ فلکس دستاویزی فلم میں بتایا: ’ہم ایک دوسرے کا بہت خیال کرتے تھے اور صرف دو ہی کام ہو سکتے تھے: یا تو ہم رشتہ توڑ دیتے یا ہم شادی کر لیتے۔‘

ملینڈا کا کہنا تھا کہ بل دل کے معاملات میں بھی باقاعدہ حساب کتاب سے چلتے تھے۔ اور انھوں نے ایک وہائٹ بورڈ پر ’شادی کے فوائد اور اس کے نقصانات‘ کے ساتھ ایک فہرست بنائی تھی۔

ان کی شادی 1994 میں ہوائی کے جزیرے لنائے میں ہوئی، مبینہ طور پر تمام مقامی ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کیں گئیں تاکہ ناپسندیدہ مہمان شادی کے مقام کے اوپر سے پرواز نہ کر سکیں۔

65 سالہ بل گذشتہ سال مائیکروسافٹ کے بورڈ سے سبکدوش ہوگئے تھے تاکہ وہ اپنی سماجی سرگرمیوں پر توجہ دے سکیں۔

Share This Article
Leave a Comment