بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی کے اچانک صفر ہونے سے ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے بڑے بریک ڈائون کے بعد اب بجلی کی بحالی جاری ہے تاہم اب بھی ایک بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔
واضح رہے کہ رات گئے پاکستان میں ہونے والے بجلی بریک ڈاو¿ن سے پوری ٹراننسمیشن، 22 ہزار میگا واٹ کی ترسیل اور تقسیم کا نظام ٹرپ کرگیا اور سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہروں اور علاقوں میں تاریکی چھاگئی۔
ادھر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ خرابی کے باعث کمپنی کی 220 کے وی اور 500 کے وی ٹرانسمیشن اور گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگیا، جس کی وجہ سے کے الیکٹرک، لیسکو، کیسکو، جیپکو، میپکو اور آئیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو کو 66 کی وی اور 132 کے وی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
بریک ڈاو¿ن کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔
بجلی کی اچانک معطلی پر صارفین کی پریشانی میں اضافہ دیکھا گیا تھا تاہم وزارت توانائی کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ بجلی کے ترسیلی نظام مین فریکویونسی اچانک 50 سے صفر پر آنے کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاو¿ن ہوا۔
وزارت توانائی نے بتایا تھا کہ فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے، اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے اسٹیشن پر پہنچ چکی ہیں، بطور وفاقی وزیر بجلی میں خود اس سارے بحالی کے کام کی نگرانی کر رہا ہوں، جبکہ عوام کو وقتاً فوقتاً بحالی سے متعلق آگاہ رکھا جائے گا’۔
بعد ازاں بریک ڈاو¿ن سے متعلق سامنے آنے والی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گدو میں 11 بجکر 41 منٹ پر فالٹ ہوا۔
ترجمان پاور ڈویڑن کے جاری بیان کے مطابق مذکورہ فالٹ نے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ کی اور اس کے باعث ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکوینسی 50 سے صفر پر آگئی۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فریکوینسی گرن کے باعث پاور پلانٹس بند ہوگئے۔
رات گئے ہونے والے بجلی کے اس بڑے بریک ڈاو¿ن کے فوری بعد وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نیشنل پاور کنٹرول سینٹر پہنچے اور بجلی کی بحالی کی نگرانی کی۔
جس کے بعد وقفے وقفے سے وزارت توانائی کی جانب سے ٹوئٹس میں یہ بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں بجلی بحال ہوگئی ہے جبکہ مزید کام جاری ہے۔
دوسری جانب بجلی کی بحالی کے حوالے سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کچھ مقامات پر بجلی بحال کردی گئی جبکہ متعدد علاقے اب بھی اس سے محروم ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق فیڈرل بی ایریا، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، نارتھ کراچی، شاہراہ فیصل، بلدیہ، والیکا، سوسائٹی، بلوچ کالونی، جیکب لائن، گارڈن ایسٹ، ڈیفنس کے کچھ مقامات پر بجلی بحال کردی گئی۔
اس کے علاوہ کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا کہ ائیرپورٹ کے متعدد مقامات پر بجلی بحال کردی گئی جبکہ تیکنکی ٹیمز بجلی کی جلد مکمل بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔