بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گذشہ 24 گھنٹوں کے دوران جبری گمشدگی کے دو واقعات میں تین پروفیسروں سمیت چار افراد لاپتہ کیئے جاچکے ہیں جن میں سے دو افراد بعدازاں رہا ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر سے پاکستانی فورسز کے اہلکاروں نے نوجوان یوسف ولد بنگل خان مری کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق نوجوان کو پاکستانی فورسز اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے حراست میں لیا اور اپنے ہمراہ لے گئے جس کے بعد ان کے حوالے سے معلومات نہیں مل سکی ہے۔
گذشتہ دنوں مذکورہ نوجوان کے قریبی رشتہ دار نادر خان ولد حاجی سید خان کو بھی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا تھا، نادر خان چھ مہینے لاپتہ ہونے کے بعد رہا ہوئے تھے جنہیں پولیس کے حوالے کیا گیا جہاں انہیں جیل میں رکھنے کے بعد رہا کیا گیا۔
لواحقین کے مطابق نادر کو پولیس حراست سے رہائی کے ایک دن گزرنے کے بعد دوبارہ فورسز اہلکاروں نے حراست میں لیکر لاپتہ کردیا ہے۔