کراچی میں فائرنگ سے سی ٹی ڈی افسر سمیت 2 اہلکار ہلاک،الفجر نے ذمہ داری قبول کرلی

0
78

پاکستان کے صوبہ سندھ کے مرکزی شہر کراچی کے علاقے کریم آباد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسر ڈی ایس پی علی رضا ہلاک ہو گئے۔

واقعے میں قریبی بلڈنگ میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور گارڈ بھی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

عزیز آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن علی رضا کو کریم آباد، بلاک ون میں شکیل کارپوریشن کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کےہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی کے سینئر افسر راجا عمر خطاب نےمیڈیا کوبتایا کہ ہلاک افسر نے ٹی ٹی پی اور دیگر قوم پرست گروپوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کام کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ افسر سی آئی ڈی کے سابق ہلاک اہلکارایس ایس پی چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی علی رضا کریم آباد جاتے تھے کیونکہ یہ ان کا محلہ تھا جہاں وہ اپنے دوستوں سے گھلتے ملتے تھے، جب وہ اپنی بلٹ پروف گاڑی سے اترے تو موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد وہاں پہنچے اور ان پر اور ان کے گارڈ پر اندھا دھند فائرنگ کر کر کے فرار ہو گئے۔

فائرنگ سے شدید زخمی ڈی ایس پی علی رضا کو عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی ایس پی علی رضا کو ’سینے، گردن اور سر پر گولیاں لگیں جبکہ ان کے جسم سے بھی ایک گولی برآمد ہوئی۔

ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ 38سالہ گارڈ وقار کو سینے، پیٹ اور منہ میں گولیاں لگیں، انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وران علاج ان کی موت واقع ہو گئی۔

دوسری جانب الفجر نامی ایک تنظیم نے نامعلوم مقام سے جاری بیان میں ڈی ایس پی علی رضا کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی۔

اس تنظیم نے اس سے قبل سہراب گوٹھ میں پولیس اہلکار کی ہلاکت کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here