غیر قانونی ٹرالنگ کیخلاف گوادر پورٹ کو17 مارچ ہر صورت بند کرینگے،ہدایت الرحمن

0
273

بلوچستان حق دو تحریک غیر قانونی ٹرالرنگ کے خلاف 17 مارچ کو ہر صورت گوادر پورٹ کو بند کریگی۔ ماہی گیروں کا نمائندہ حق دو تحریک ہے۔ غیرقانونی ٹرالرنگ کے خاتمہ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، آرگنائزر حق دوتحریک گوادر شریف میانداد اور ڈپٹی آرگنائزر ماجد جوہر نے ماہی گیروں کی قدیم بستی ڈھوریہ میں احتجاجی کارنر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ حق دوتحریک پر طاقت ور حلقوں کی پشت پناہی کا الزام صرف وہ عناصر کررہے ہیں جنہوں نے ماہی گیروں کے جذبات کو کیش کیا ہے لیکن ڈھوریہ کا یہ اجتماع الزام لگانے والوں کیئے سبق ہے کہ کون کس کے پیچھے ہے اور ماہی گیر کس کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بظاہر ماہی گیروں کے حقوق پر چند روز قبل موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی تھی لیکن ریلی کا ہدف حق دو تحریک رہا اور الزام تراشی کی گئی کہ حقوق دوتحریک ماہی گیروں کو ورغلا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ یہ حق دو تحریک کی احتجاج کا ثمر ہے کہ آج گوادر کے ماہی گیروں کو سمندر میں آنے اور جانے کے لئے کسی بھی قسم کے ٹائم ٹیبل سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جبکہ نام نہاد ماہی گیر تنظیموں نے اداروں سے ملکر ماہی گیروں کو ٹائم ٹیبل کا تابع بنایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایم پی اے کی نااہلی پر بات کرتے ہیں تو یہ ہمارا جمہوری حق ہے اگر کسی کو ناگوار گزرتا ہے تو ہمیں اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ جب موجود ایم پی اے فشریز کا وزیر تھا تو ایک قوم پرست سیاسی جماعت نے ٹرالر بھگاو اور چولہا جلاو تحریک چلائی تھی پھر ہمیں بتایا جائے تحریک غلط تھی یا ایم پی اے ماہی گیروں کے ساتھ زیادتی کا مرتکب رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹرالر مافیا کو اس قدر بے چین کیا ہے کہ وہ کراچی پورٹ کو بند کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔ پہلے ساحل بلوچستان پر دو ہزار ٹرالرز دندناتے پھرتے تھے آج اس میں کمی آگئی ہے جس کے گواہ ماہی گیر خود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک کے سوا کوئی دوسری قوت ماہی گیروں کا نجات دہندہ نہیں ہے۔ ماہی گیروں کو ہر ممکن مراعات کی فراہمی حق دو تحریک کی ترجیحات کا حصہ ہے۔ کسی بھی سرکاری ملازمت میں ماہی گیروں کے بچوں کا کوٹہ مختص کیا جائے۔ دوران شکار اموات پر متاثرہ ماہی گیر خاندان ایک کروڑ روپے کی گرانٹ دینا ہوگی۔ ماہی گیروں کے نام پر ہسپتال قائم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حق دوتحریک گوادر کے دوسو یتیم بچوں کی کفالت کا پروگرام شروع کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ غیرقانونی ٹرالرنگ کے مکمل خاتمہ کے لئے گوادر پورٹ کو ہر صورت بندکیاجائے گا۔ حکومت کے پاس اب بھی مہلت ہے کہ وہ ساحل بلوچستان کو غیرقانونی ٹرالرنگ سے صاف کرے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here