بلوچستان کے علاقے مستونگ اور قلات میں پاکستانی فوج کے موٹر وے اور قافلوں کو نامعلوم مسلح افراد نے یکے بعد دیگرے شدید حملوں کا نشانہ بنایا ہے، جبکہ کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر دھماکوں کے ذریعے 2 رابطہ پل تباہ کر دیے گئے ہیں۔
زرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے اسپلنجی ملٹری کیمپ کی جانب جانے والے پاکستانی فوج کے ایک ہی قافلے پر مختلف مقامات پر دو الگ الگ حملے کیے گئے۔ پہلا حملہ اس وقت ہوا جب مسلح افراد نے اسپلنجی کی طرف پیش قدمی کرتے قافلے کو شدید فائرنگ اور بمباری کا نشانہ بنایا، جس میں فورسز کا بھاری جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بعد ازاں، اسی قافلے پر اسپلنجی کے علاقے ‘مارو’ سے گزرتے وقت مسلح افراد نے دوبارہ گھات لگا کر حملہ (ایمبوش) کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اس دوسرے حملے میں پاکستانی فوج کے 2 اہلکار ہلاک اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب، قلات کے علاقے ‘گڑاری’ میں بدھ کے روز مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے ایک اور قافلے پر بڑا سرپرائز حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں فورسز کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
دریں اثناء، مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر مسلسل دھماکوں کے ذریعے 2 مزید رابطہ پل تباہ کر دیے گئے ہیں۔
پہلا بم دھماکہ بلوچستان ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں پل کو اڑا دیا گیا، جبکہ دوسرا پل ‘ژالی قبرستان’ کے قریب دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا گیا۔
شاہراہ پر پلوں کی تباہی کے باعث ٹریفک کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔