عالمی یومِ اساتذہ: بساک کا اساتذہ کو خراجِ تحسین، تعلیمی تباہی و اساتذہ کی جبری گمشدگیوں پر تشویش

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (BSAC) کے مرکزی ترجمان نے 5 اکتوبر ‘عالمی یومِ اساتذہ’ کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں علم و شعور کی شمع روشن رکھنے والے تمام بے لوث اساتذہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جبکہ بلوچستان کے مفلوج تعلیمی نظام، اساتذہ کی جبری گمشدگیوں، اور ان کی شہادتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا دارومدار تعلیم اور علم پر ہے، اور استاد ہی انسان کو اس زیور سے آراستہ کرنے کا بنیادی ذریعہ ہے۔ انسانی ترقی و ارتقا میں تخلیق، تشکیل اور تحقیق کا جو اہم ترین کردار رہا ہے، وہ سب اساتذہ کی مرہونِ منت ہے۔ اساتذہ نے نہ صرف افراد کی تربیت کی ہے بلکہ نچلی سطح سے پورے معاشرے کو باشعور بنا کر قومی و سماجی ترقی کی بنیاد رکھی ہے۔ اساتذہ نے سچ اور حق کا ساتھ دیتے ہوئے بیش شمار مشکلات کا سامنا کیا لیکن قوم اور سماج کی فلاح و اصلاح کے لیے اپنی خدمات بلا معاوضہ پیش کیں۔

بی ایس اے سی کے ترجمان نے بلوچستان کی ناگفتہ بہ تعلیمی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا تعلیمی نظام پہلے ہی فلج ہو چکا ہے جہاں اساتذہ کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ اس پر مستزاد یہ کہ ایک طرف کئی قابل اساتذہ کو عقوبت خانوں کی نذر (جبری لاپتہ) کر دیا گیا ہے تو دوسری جانب متعدد اساتذہ اور پروفیسرز کو شہید کیا گیا ہے۔

ترجمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ بلوچستان کی تعلیمی بہتری اور شرحِ خواندگی کا تمام تر انحصار اساتذہ پر ہے، لیکن بدقسمتی سے تعلیمی نظام میں ایک ایسا المیہ اور خلا بھی دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں کچھ اساتذہ اپنے منصبی اور قومی فریضے سے کوسوں دور ہو کر تحقیق، تشکیل اور تخلیق کو بانجھ پن کی جانب دھکیل رہے ہیں۔

بی ایس اے سی نے کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود بلوچستان کی خوش قسمتی ہے کہ آج بھی ایسے بے لوث اور سرکَش اساتذہ موجود ہیں جو اپنی ذات سے بالاتر ہو کر قومی و سماجی ترقی کے لیے علمی اور انسانی شعور کا نعرہ بلند کیے ہوئے ہیں۔ بحیثیت ایک ذمہ دار طلبہ تنظیم، ہم ان تمام اساتذہ کو سلام اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو تمام تر سختیوں کے باوجود علم بانٹنے اور شعور پھیلانے میں مصروفِ عمل ہیں۔

بیان کے آخر میں بی ایس اے سی نے بلوچستان کے تمام اساتذہ سے دست بستہ اپیل کی کہ وہ موجودہ حساس حالات میں اپنے قومی فریضے اور تاریخی ذمہ داری کو پہچانیں اور بلوچ معاشرے میں تعلیم و شعور کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article