بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے سنگر نیوز کے بانی و چیف ایڈیٹر شوکت بلیدی بلوچ کی پہلی برسی کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ایک پیغامات میں انہیں دلی خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ڈاکٹر نسیم بلوچ نے اپنے بیان میں کہاکہ "شوکت بلیدی کی پہلی برسی کے موقع پر ہم انہیں اپنا دلی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کی زندگی، ان کی شجاعت، اور بلوچ قومی مقصد کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی اور گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی جدائی کو ایک سال بیت چکا ہے، لیکن وہ جو یادیں اور نقش چھوڑ گئے ہیں، وہ ان کے اہلخانہ، دوستوں اور تمام ساتھیوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔”
شوکت بلیدی بلوچ ‘سنگر نیوز’ کے بانی اور چیف ایڈیٹر تھے، جنہوں نے مظلوم قوموں، بالخصوص بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور قومی تحریک کو صحافتی محاذ پر مؤثر انداز میں پیش کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی صحافتی خدمات اور بلوچ قومی مقصد سے پختہ وابستگی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔