بولان میں مسلح تصادم سے 2 افراد ہلاک، کردگاپ میں شیلنگ و جھڑپیں ، فو جی جارحیت جاری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع بولان اور کردگاپ سے خونریز تصادم اور فورسز کی پیش قدمی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

بولان کے علاقے بالاناڑی کے گاؤں درکھان میں دو قبائل کے درمیان اچانک مسلح تصادم چھڑ گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 3 دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ہانبھی قبیلے سے ہے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور فریقین کے درمیان تاحال کشیدگی برقرار ہے۔

دوسری جانب کردگاپ کے علاقے گرگینہ اور اس کے گردونواح میں آج صبح سے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر عسکری پیش قدمی اور آپریشن کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق گرگینہ کے علاقے کلی شربت خان کی جانب سے فورسز کی بڑی تعداد نے پیش قدمی کرتے ہوئے پہاڑی سلسلہ کو گھیراؤ میں لے لیا اور پہاڑوں کی طرف مارٹر کے گولے داغنا شروع کر دیے، جس سے پورا علاقہ بھاری ہتھیاروں کے دھماکوں سے گونج اٹھا۔

آمدہ اطلاعات کے مطابق کفتاری اور گونین تل کے مقامات پر فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، تاہم جارحیت اور جھڑپوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی حتمی تفصیلات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article