بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے جمال آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ویکسینیشن ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ایس ایچ او نوشکی منور احمد کے مطابق پولیس ٹیم جمال آباد کے علاقے میں پولیو ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم کر رہی تھی کہ مسلح افراد نے اچانک انہیں نشانہ بنایا۔
حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت یاسر احمد اور عبدالرؤف کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور پولیس اہلکاروں کو گولی مارنے کے بعد ان کی سرکاری رائفلیں اور دیگر اسلحہ بھی اپنے ساتھ لوٹ کر فرار ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، تا ہم مزید تفاصیل کا انتظار ہے۔