مند ردیگ میں مسلح افراد کا بڑا حملہ و کنٹرول، کسٹم چیک پوسٹ نذرِ آتش

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کی سرحد سے متصل تحصیل مند کے علاقے "ردیگ” میں مسلح افراد کے ایک بڑے گروہ نے داخل ہو کر مختلف شاہراؤوں اور حساس مقامات پر ناکے اور چیک پوائنٹس قائم کر کے پورے علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

علاقائی ذرائع سے سامنے آنے والی تفاصیل کے مطابق مسلح افراد نے علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد سرحد پر قائم کسٹم چیک پوسٹ کو مکمل طور پر اپنے قبضے میں لیا اور بعد ازاں اسے آگ لگا کر تباہ کر دیا۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے مقامی کیمپ کو بھی بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد علاقہ شدید دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران فورسز کے ایک کوآڈ کاپٹر (ڈرون ڈیوائس) کو بھی فائرنگ کر کے مار گرایا گیا۔

واضح رہے کہ ضلع کیچ کے ان سرحدی و پہاڑی علاقوں میں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں وسیع پیمانے پر متحرک ہیں۔ اس سے قبل بھی مند کے دیگر علاقوں جیسے "بلوچ آباد” اور "بلو” میں مسلح فرنٹس نے داخل ہو کر کئی گھنٹوں تک اپنا مکمل کنٹرول قائم رکھا تھا۔

تازہ واقعے کی بنیاد پر علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور فورسز کی جانب سے اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے، تا ہم اس بڑی کارروائی کی ذمہ داری تاحال کسی بھی مسلح تنظیم کی جانب سے باقاعدہ قبول نہیں کی گئی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article