بلوچستان میں آزادیِ اظہار پر ریاستی قدغنوں اور میڈیا بلیک آؤٹ کو برقرار رکھنے کے لیے آزاد اور انسانی حقوق کے خبر رساں ادارے ‘سنگر نیوز’ کے سرکاری ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ @DailySangar کو منظم رپورٹنگ کے ذریعے بند کروا دیا گیا ہے۔
سنگر نیوز پر یہ سائبر حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں پاکستان کی درخواست پر سنگر کے یوٹیوب چینل پر بلوچ آزادی پسند رہنما ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ کا ایک ویڈیو پیغام بھی پاکستان کی حد تک بلاک کر دیا گیا تھا۔
سنگر نیوز’ کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش کی تصدیق خود پاکستانی فوج سے منسلک سائبر اکاؤنٹ @BadriCyberForce (بدری 313) کے ایک پوسٹ سے ہوئی ہے، جس میں انہوں نے اس کارروائی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا:
"مشن پورا ہوا۔ ہماری مربوط رپورٹنگ نے کامیابی سے ٹی ٹی پی دہشت گردوں سے منسلک ایک بڑے اکاؤنٹ @DailySangar کو ہٹا دیا ہے جو مسلسل TTP دہشت گردوں کی پروپیگنڈا ویڈیوز پوسٹ کر رہا تھا۔ الحمدللہ!”
سنگر نیوز انتظامیہ نے اس الزام کو مکمل من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2015ء سے فعال اس اکاؤنٹ کے 51 ہزار سے زائد فالورز تھے اور وہ بغیر کسی کاپی رائٹ یا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے بلوچستان کی اصل صورتحال دنیا کے سامنے لا رہے تھے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کے فیک سائبر اکاؤنٹس نے سوشل میڈیا انتظامیہ (ایکس) کو غلط معلومات فراہم کر کے دھوکے میں رکھا تاکہ اس آزاد پلیٹ فارم کا ایکس اکاؤنٹ بند کروایا جا سکے۔
سنگر نیوز اس وقت عسکری مشینری کی جانب سے شدید سائبر حملوں کی زد میں ہے۔ یاد رہے کہ سنگر کی ویب سائٹ پاکستان میں سالوں سے بلاک ہے جبکہ حال ہی میں یوٹیوب پر بھی سنسرشپ کے ذریعے ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ کا پیغام بلاک کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے سنگر کی میڈیا ٹیم ایکس انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور ایکس اکاؤنٹ کی بحالی کے لیے تمام ضروری تکنیکی و قانونی اقدامات کر رہی ہے۔ سنگر انتظامیہ کے مطابق تمام ضوابط کی پاسداری کی بدولت قوی امکان ہے کہ ایکس اکاؤنٹ جلد بحال ہو جائے گا۔