اورماڑہ میں یوسی چیئرمین کے مہمان خانے میں دھماکہ، ایک شخص ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ میں یونین کونسل چیئرمین سید مہیم جان کے مہمان خانے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 19 سالہ راجہ ولد چارشمبے کے نام سے ہوئی ہے، جو سید مہیم جان کا ملازم تھااور اس کا تعلق پسنی کے علاقے ماکولہ سے بتایا جاتا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ راجہ کی موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ راجہ موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد کو کسی مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران زور دار دھماکہ ہو گیا، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک کی بازی ہار گیا۔

دھماکے سے گھر کے ایک کمرے کو بھی نقصان پہنچا۔

ایس ایچ او اورماڑہ بشیر احمد کے مطابق، تحصیل پسنی کے علاقے ماکولہ کا رہائشی راجہ ولد چارشمبے، گزشتہ شب مذہبی پیشوا سید مہیم جان کے مہمان خانے میں آیا تھا اور رات وہیں مقیم تھا۔ علی الصبح جب وہ روانگی کے لیے اپنی موٹر سائیکل اسٹارٹ کرنے لگا، تو اس میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

​واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور پاکستان بحریہ کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اورماڑہ میں پاکستان نیوی کا ایک بڑا اور اہم نیول بیس بھی موجود ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article