بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے خیرآباد اور قلات و منگچر کے علاقے خالق آباد میں دو مختلف واقعات میں مسلح افراد نے پاکستانی سیکورٹی فورسز اور پولیس کی چیک پوسٹوں پر حملہ کرکے دھماکے و فائرنگ کی۔جس سے نگرانی کے کیمرہ سمیت چوکیوں کو نقصان پہنچاتاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
ضلع کیچ کے تربت میں پاکستانی فورسز کی ایک چوکی پر حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس دوران دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں علاقے میں سنی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق حملہ تربت کے علاقے حیر آباد میں پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے پاکستانی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا، حملے کے دوران چوکی پر نصب نگرانی کے کیمرے کو بھی تباہ کردیا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آج ہی بلوچستان کے اضلاع بسیمہ اور خاران میں بھی پاکستانی فورسز پر حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بسیمہ کے علاقے جُر میں مسلح افراد نے اس وقت فورسز کو نشانہ بنایا جب وہ علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کررہے تھے۔
دوسری جانب ضلع خاران کے داخلی علاقوں ساراوان، نوروز قلات اور زورزئی میں مسلح افراد کی سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں اور ان علاقوں میں فورسز کو حملوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شاہراہ پر قائم دو پل بھی دھماکوں کے نتیجے میں تباہ ہوگئے۔
دریں اثنا گزشتہ شب منگچر اور قلات کے علاقے میں تھانہ خالق آباد کی حدود میں خالی پہاڑی پولیس چیک پوسٹ پر مسلح شر پسندوں نے حملہ کیا ۔چیک پوسٹ کو نقصان پہنچانے کے علاوہ دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا جس سے پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا ۔
پوسٹ خالی ہونے کی وجہ سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔