بارکھان /سنگر نیوزویب ڈیسک
بلوچستان کے ضلع بارکھان سے انتہائی بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فرنٹیئر کورپ (FC) کے کمانڈنٹ (کرنل) اور ڈپٹی کمشنر (DC) کے مشترکہ قافلے پر گھات لگا کر بڑا حملہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حملے کا نشانہ بننے والے اس اہم سرکاری قافلے میں سیکیورٹی فورسز کی تقریباً 8 گاڑیاں اور20 کے قریب موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔
علاقائی ذرائع سے موصول ہونے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق، نامعلوم مسلح افراد نے قافلے کو گھیرے میں لے کر اس پر بھاری اور جدید ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے ساتھ ہی علاقے میں یکے بعد دیگرے کئی زوردار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی جائے وقوعہ پر سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید جھڑپ، بھاری گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
حملے کی شدت اور بڑے پیمانے پر ہونے والی فائرنگ کے باعث جانی و مالی نقصان کا شدید خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم دور دراز علاقہ ہونے اور مسلسل فائرنگ کی وجہ سے تاحال کسی بھی قسم کے نقصان کی باقاعدہ یا حتمی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا گھیراؤ کیا جا سکے اور قافلے کو بحفاظت نکالا جا سکے۔ کسی بھی تنظیم نے اب تک اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
(یہ ایک تازہ ترین پیش رفت ہے، جیسے ہی مزید تفصیلات موصول ہوں گی، اپ ڈیٹ کر دی جائیں گی)