بلوچستان کے جھل مگسی کے علاقے نفور میں نامعلوم مسلح افراد نے جھل مگسی کے گورنر ہائوس پر حملہ کرکے فائرنگ کی،عمارت کو سخت نقصان پہنچانے کے بعد ڈی ایس پی جھل مگسی کے بھانجے سمیت2 افراد کو حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے جن کے بارے میں اب کوئی معلومات نہیں۔
پولیس کے مطابق جھل مگسی کے علاقے نفور میں اچانک نا معلوم مسلح افراد نے جن کی تعداد درجنوں بتائی جارہی ہے وہ رییو گاڑیوں میں سوار تھے اچانک گورنر ہائوس جھل مگسی پر فائرنگ کی گئی جس سے عمارت کے شیشے کھڑیاں دروازے ٹوٹنے سمیت عمارت کو نقصان پہنچانے کے بعد ڈی ایس پی جھل مگسی محمد یونس مگسی کے بھانجے شعیب مگسی اور ایک ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے شخص آکاش کمار کو اغواءکرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کی اطلاع پر مگسی قبیلے کے سینکڑوں مسلح افراد اور پولیس کے ساتھ مسلح افراد کے تعاقب میں روانہ ہوگئے جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعے کے بعد جھل مگسی کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے سخت چیکنگ شروع کردی ہے ۔
واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔