کوئٹہ میں مبینہ پولیس مقابلہ اور تربت میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، پنجگور سے لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کوئٹہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ تربت میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور پنجگور سے ایک لاش برآمدہوئی ہے۔

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ٹیکسی اسٹینڈ میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے ٹیکسی اسٹینڈ کے قریب صبح سویرے مسلح ڈاکو لوگوں کو لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی ۔جوابی کارروائی کے نتیجے میں 2ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکر سول ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد شناخت کیلئے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دیں اور مزید کارروائی شروع کردی۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے دشت کے علاقے اچانک بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے حمل ولد حمید کو نشانہ بنایا جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

مقتول کا تعلق دشت ہرانی بینٹ سے بتایا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق قتل کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دریں اثنا ضلع پنجگور کے نواحی علاقے چککول کے قریب ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت حبیب پروم، سکنہ پنجگور کے نام سے کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

لاش کو ضابطے کی کارروائی اور مزید قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article