بلوچستان کے علاقے تربت میں ایئرپورٹ پر راکٹوں سے حملہ کیاگیا ۔ بولان میں مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران پل دھماکے سے تباہ کیا۔نوشکی اور مستونگ میں پاکستانی فوج کے قافلوں پر حملوں میں ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں نامعلوم افراد نے ایئرپورٹ اور وہاں موجود فورسز کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔
تربت پولیس حکام کے مطابق نامعلوم سمت سے تربت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بناتے ہوئے یو بی ایل جی کے گولے فائر کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق فائر کیے گئے گولوں میں سے ایک ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے کیمپ کے اندر جا گرا۔
حملے میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو دھماکے میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
اس دوران مسلح افراد نے قافلے میں شامل مزید تین گاڑیوں کو خودکار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، حملے میں پاکستانی فوج کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ادھر ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے ایک قافلے کو اس وقت حملے میں نشانہ بنایا جب قافلہ ایک اعلیٰ افسر کو سکیورٹی فراہم کررہا تھا۔
مذکورہ مقام سے شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ واقعے میں ہلاکتوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
علاوہ ازیں ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی قائم کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی لی, اس دوران مسلح افراد نے مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں بھی قائم کیں۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے مذکورہ شاہراہ سے ملحقہ سڑک پر واقع ایک پل کو دھماکے سے تباہ کردیا۔
بولان پولیس انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
تاہم ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔