کوئٹہ: بی این پی کا بی ایس او اور بی وائی سی رہنماؤں کے خلاف مقدمات پر اظہار تشویش

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بی ایس او کے چیئرمین بالاچ قادر بلوچ، مرکزی جونیئر جوائنٹ سیکریٹری ابوبکر کلانچی اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف قتل کے مقدمات کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مقدمات میں آئینی تقاضوں کے مطابق شفاف اور منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنایا جائے۔

کوئٹہ پریس کلب میں بی ایس او ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 2024 میں گوادر دھرنے کے دوران بی ایس او اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ ان کے مطابق ان رہنماؤں کا مؤقف صرف لاپتہ افراد اور دیگر عوامی مسائل پر آواز اٹھانا تھا۔

پریس کانفرنس میں بی ایس او کے مرکزی چیئرمین بالاچ قادر، مرکزی سیکریٹری جنرل صمند بلوچ، بی این پی کے ضلعی آرگنائزر حاجی میر وحید لہڑی، مرکزی انفارمیشن سیکریٹری شکور، مرکزی جونیئر وائس چیئرمین عامر نذیر، مرکزی جونیئر جوائنٹ سیکریٹری ابوبکر کلانچی، شال زون آرگنائزر کبیر بلوچ اور دیگر رہنما موجود تھے۔

ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے سردار اختر جان مینگل کی سربراہی میں لاپتہ افراد کے مسئلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، بلوچستان کے بنیادی مسائل کا حل ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس او اور بی وائی سی کے رہنما صرف اپنے آئینی حق یعنی منصفانہ ٹرائل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمات میں گواہوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جا رہا ہے، ان کی شناخت چھپائی جا رہی ہے، جس سے عدالتی کارروائی کی شفافیت پر سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

بی این پی رہنما نے کہا کہ اگر عدالتوں کے عمل کو دباؤ کے ذریعے متاثر کیا جائے گا تو عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست طاقتور ضرور ہے، تاہم ماضی میں بھی سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں، گمشدگیوں اور دیگر اقدامات کے باوجود لوگ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے نئی پالیسیوں کی ضرورت ہے اور بلوچ و پشتون عوام سمیت تمام شہریوں کو آئینی حقوق، تحفظ اور سیاسی آزادی فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی بی ایس او اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے لیے ہر ممکن سیاسی و قانونی پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article