وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ کا 6195واں روز، محمود علی لانگو کی والدہ کی شرکت

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ چیئرمین نصراللہ بلوچ کی قیادت میں 6195ویں روز بھی جاری رہا، اس موقع پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل حوران بلوچ بھی موجود ہے۔

اس دوران مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

آج محمود علی لانگو کی والدہ نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی جبری گمشدگی کو دو سال مکمل ہونے والے ہیں۔ اس عرصے کے دوران وہ اپنے بیٹے کی باحفاظت بازیابی کے لیے عدالتوں، لاپتہ افراد کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ پُرامن اور جمہوری احتجاج بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو سال گزرنے کے باوجود نہ تو ان کے بیٹے کو کسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور نہ ہی اس کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے باعث وہ شدید ذہنی اذیت اور بے یقینی کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکام سے اپنے بیٹے کی فوری بازیابی کی اپیل کی۔

اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ محمود علی لانگو سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی لاپتہ فرد پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لا کر قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article