وی بی ایم پی کا جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ جمعہ کے روز 6192ویں دن میں داخل ہوگیا۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ تنظیم کی طویل عرصے سے جاری پرامن اور جمہوری جدوجہد کا بنیادی مقصد جبری گمشدگیوں اور ماورائے قانون اقدامات کا مکمل خاتمہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور جن افراد پر کسی قسم کے الزامات ہیں انہیں قانون کے مطابق منظرِ عام پر لا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جبری گمشدگیوں کا مسئلہ ایک سنگین انسانی اور قانونی معاملہ ہے، جس کے حل کے لیے ریاستی اداروں، حکومت اور قانون ساز اداروں کو مؤثر اور عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی آئین، قوانین اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کے مطابق ایسی قانون سازی کی جائے جو جبری گمشدگیوں کی روک تھام اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنا سکے۔

نصراللہ بلوچ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وی بی ایم پی جبری گمشدگیوں کے متاثرین کی آواز بلند کرنے اور ان کے قانونی و انسانی حقوق کے حصول کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article