کوئٹہ: بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ تنظیم کے رہنما نیاز محمد کی قیادت میں 6186ویں روز بھی جاری رہا۔
اس دوران مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور وی بی ایم پی کے مطالبات سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ وفود نے جبری گمشدگیوں کے مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ طویل عرصے سے شدید ذہنی اذیت اور بے یقینی کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور ریاست آئین و قانون کے مطابق شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
وی بی ایم پی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد نے کہا کہ جبری گمشدگیاں ایک سنگین انسانی حقوق کا مسئلہ ہیں، جس کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کی بے چینی کا خاتمہ کرتے ہوئے تمام افراد کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔