بلوچستان کے علاقے دالبندین میں بلوچستان ایران آر سی ڈی شاہراہ پر پل کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی گئی جس سے پل کو جزوی نقصان پہنچا۔
واقعہ گزشتہ رات پیش آیاجہاں نامعلوم افراد نے دالبندین سے تفتان جانے والی آر سی ڈی شاہراہ پر بوائز ڈگری کالج کے قریب پل کے نیچے دھماکہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کے وقت دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے لوگ نیند سے بیدار ہوگئے۔
دھماکے کے فوراً بعد انتظامیہ نے جائے وقوعہ کا تعین کرنے کے لیے ٹیم روانہ کردی۔
ذرائع کے مطابق دالبندین سے تفتان جانے والے پل کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی گئی، تاہم پل کو جزوی نقصان پہنچا۔آر سی ڈی شاہراہ معمول کے مطابق ٹریفک کے لیے بحال ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات مقامی انتظامیہ کررہی ہے۔