کیچ، مستونگ اور واشک میں پاکستانی فورسز پر حملے، 5 اہلکار ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اتوار کے روز پاکستانی فورسز پر یکے بعد دیگرے حملوں اور جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

ضلع کیچ کی تحصیل زامران کے علاقے جبشان میں سڑک کنارے نصب ایک آئی ای ڈی دھماکے میں کم از کم2 پاکستانی فورسز اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمی و ہلاک اہلکاروں کو قریبی کیمپ منتقل کردیا۔

ادھر ضلع کیچ کی تحصیل مند کے علاقے سوارپ بارڈر پر پاکستانی فوج کے مورچوں پر مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آج صبح تقریباً 8:30 بجے مسلح افراد نے قریب سے فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جبکہ ہلاکتوں سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تین اہلکاروں کی لاشیں دیکھی گئی جبکہ ایک صوبیدار حملے میں محفوظ رہے۔

اسی طرح ضلع مستونگ کے علاقے دشت کے ڈگاری کراس میں فوج کی رسد لے جانے والی ایک گاڑی کو مسلح افراد نے قبضے میں لے کر آگ لگا دی۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

دریں اثنا، ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں بھی مسلح افراد نے پاکستانی فوجی کیمپ کے لیے راشن لے جانے والی ایک گاڑی کو روک کر قبضے میں لے لیا۔

حکام نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article