بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں 6166ویں روز بھی جاری رہا۔
اس دوران کامریڈ منظور احمد بلوچ سمیت مختلف افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پر نیاز محمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وی بی ایم پی کی طویل، پرامن اور آئینی جدوجہد کا مقصد تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد پر کوئی الزام ہے انہیں عدالتوں میں پیش کرکے قانونی چارہ جوئی کا حق دیا جائے، جبری گمشدگیوں اور ماورائے آئین اقدامات کا مکمل سدباب کیا جائے، جبکہ ملکی اداروں کو پابند بنایا جائے کہ وہ تمام اقدامات آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر انجام دیں۔
دوسری جانب وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جامعہ گوادر کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور بلوچ، فیکلٹی ممبر ڈاکٹر ارشاد بلیدی اور دیگر افراد کی مبینہ طور پر نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا باعثِ تشویش ہے جن کی وی بی ایم پی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور ذمہ دار افراد کا اس طرح اغوا ہونا نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ پورے تعلیمی نظام کے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے۔
وی بی ایم پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عبدالرزاق صابر سمیت تمام مبینہ طور پر اغوا ہونے والے اساتذہ کو فوری اور باحفاظت بازیاب کیا جائے اور ان کی خیریت کو یقینی بنایا جائے۔