بلوچستان کے علاقے گوادر اور زامران میں گذشتہ روزایف سی اور پولیس کو نامعلوم افراد نے آئی ای ڈی اور کریکر بم دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔
گوادر سے اطلاعات ہیں کہ شہر کے علاقے فقیر کالونی میں پولیس کی پیٹرولنگ موٹر سائیکل پر کریکر بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار معمول کی گشت پر مامور تھے۔
دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔
زخمی اہلکار کو فوری طور پر انڈس اسپتال گوادر منتقل کردیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
دوسری جانب ضلع کچ کے علاقے نوانو زامران میں آئی ای ڈی دھماکہ میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایف سی کی روڈ کلیرنس ٹیم نوانو زامران کے علاقے میں سوئیپ سرچنگ میں مصروف تھی کہ آئی ای ڈی دھماکہ کے نتیجے میں ایک اہلکار حسنین زخمی ہوگیا۔
اب تک ان حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔