وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ جاری ، انقلابی کمیونسٹ پارٹی رہنمائوں کا دورہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج 6159ویں روز بھی تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کی قیادت میں جاری رہا۔

اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، سیاسی استحکام اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، تمام لاپتہ افراد کو قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے یا انہیں بازیاب کیا جائے، اور ماورائے آئین و ماورائے قانون اقدامات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر مقامی آبادی کے آئینی و قانونی حقوق کو تسلیم کیا جائے اور اہلِ بلوچستان کے بنیادی انسانی، سیاسی اور سماجی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کے لیے آئین، قانون، مکالمے اور انصاف کا راستہ اختیار کرنا ہی دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔

دوسری جانب انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما کریم پرہار نے اپنے ساتھیوں سمیت وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

انہوں نے جبری گمشدگیوں کے فوری خاتمے اور بی ایس او پجار کے مرکزی وائس چیئرمین بابل ملک بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے سیاسی پارٹیوں اور طلبہ تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جبری گمشدگیوں کے خلاف جدوجہد میں VBMP کا بھرپور ساتھ دیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article