بلوچستان کے علاقے خاران اور نوکنڈی میں ٹریف کے دو مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
خاران سے اطلاعات کے مطابق خاران سے لاڑکانہ جانے والی العزیز کوچ کو ایم 8 شاہراہ پر ونگو کے مقام پر حادثہ پیش آیا جس کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئ، جہاں وہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 5 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 12 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس اور ریسکیو اداروں کی جانب سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نوکنڈی کے قریب تراسی لانڈھی کے مقام پر نیشنل ہائی وے پر سڑک پر پڑے بجری کے ڈھیر سے ٹکرانے کے باعث ٹرالر گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
مقامی افراد کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث سڑک پر بجری کے ملبے کے ڈھیر حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر غیر قانونی طور پر مواد رکھنے والے ٹھیکیداروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔