جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج 6158ویں روز بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہی۔
وی بی ایم پی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پرامن جدوجہد کا بنیادی مقصد جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو ملکی آئین اور قوانین کے مطابق حل کرانا اور تمام لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیاں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ متاثرہ خاندانوں کے لیے مسلسل ذہنی و سماجی اذیت کا باعث بھی بن رہی ہیں۔
انہوں نے حکومت، عدلیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کے مقدمات کو سنجیدگی سے لیا جائے، قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
وی بی ای پی نے واضح کیا کہ جب تک تمام لاپتہ افراد بازیاب نہیں ہوتے، اور جبری گمشدگیوں کا مکمل سدباب نہیں کیا جاتا، ان کی آئینی و جمہوری جدوجہد پرامن انداز میں جاری رہے گی۔