بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں آل بارڈر نمائندگان کیچ کے رہنماؤں نے ضلع کیچ میں فوری طور پر نیا کراسنگ پوائنٹ کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سولہ ماہ سے ایران بارڈر بندش کے باعث عوام شدید معاشی مشکلات اور بے روزگاری کا شکار ہیں۔
تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل رند تگرانی، عارف درازئی، محمد امام نوانو زامران، کفایت اللہ تمپ، محمد کریم تربت، نجیب ناگ زامران، عبد الستار ناگ زامران، عبدالصمد سگک کولواہ، ناصر ہوشاپ اور محمد بلیدی نے کہا کہ تمپ کے ضلع بننے کے بعد اس کا انتظامی تعلق کیچ سے الگ ہو چکا ہے، اس لیے ضلع کیچ کو الگ کراسنگ پوائنٹ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ عوامی معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سوراپ کراسنگ پوائنٹ پر تیل کی فراہمی اور قیمتوں میں تسلسل موجود نہیں، جبکہ ایک شخص کی اجارہ داری قائم ہونے کے باعث سپلائی اور نرخوں کا تعین من مانی انداز میں کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عید سے قبل ضلع کیچ کے عوام کی معاشی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر نیا کراسنگ پوائنٹ کھولا جائے تاکہ بے روزگاری میں کمی، امن و امان میں بہتری اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔